مسجد حرام اور بیت اللہ کو معطّر کرنے اور دھونی دینے کی مہم جاری

تاریخ میں پہلی مرتبہ مسجد حرام میں روزانہ 60 سے زیادہ مرتبہ دٴْھونی دی جا رہی ہے،انتظامیہ حرمین شریفین

اتوار 3 جون 2018 16:20

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) حرمین شریفین کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے مسجد حرام اور خانہ کعبہ کو دٴْھونی دینے اور خوشبو سے مہکانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔عرب ٹی وی کے م طابق اس مہم کا مقصد مسجد حرام ، اس کے اطراف اور خانہ کعبہ کو معطّر بنانا ہے تا کہ نمازیوں، معتمرین اور زائرین کی راحت و اطمینان کے ساتھ عبادات اور مناسک کی ادائیگی کے لیے خوشبو دار فضائیں فراہم کی جا سکیں۔

شیخ السدیس کی خصوصی ہدایت پر مسجد حرام کے تمام مقامات کو دن رات مختلف اوقات میں خوشبوؤں سے مہکایا جا رہا ہے۔اللہ کے فضل سے تاریخ میں پہلی مرتبہ مسجد حرام میں روزانہ 60 سے زیادہ مرتبہ دٴْھونی دی جا رہی ہے۔ اس واسطے ہر ماہ 60 کلو گرام مہنگی اور قیمتی دھونی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حجر اسود اور ملتزم کو روزانہ پانچ مرتبہ انتہائی قیمتی روغن عود سے مہکایا جا رہا ہے۔

اس واسطے پانچ کلو سے زیادہ روغنِ عود استعمال ہوتا ہے۔اس سے قبل شیخ السدیس نے مسجد حرام کو دٴْھونی سے مہکانے کے لیے ایک خصوصی یونٹ قائم کیا تھا جو خانہ کعبہ اور مسجد حرام کو بالخصوص رمضان مبارک میں اعلی اور نفیس ترین قسم کی خوشبوؤں اور دٴْھونیوں سے معطر کرتا ہے۔مذکورہ یونٹ کے ڈائریکٹر محمد بن عقال الندوی نے حرمین شریفین کی خدمت اور اللہ کے مہمانوں کی راحت کے لیے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر کی فکر و توجہ اور عملی اقدامات پر ان تمام شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا۔