افغانستان میں بچوں کی تقریباً نصف آبادی سکول نہیں جاتی،عالمی امدادی ادارے

کشیدگی کی وجہ سے سکولوں کو بند ہونا پڑا ،سات سے 17سال عمر کے 37 لاکھ بچے سکول نہیں جاپاتے،تحقیقی رپورٹ

اتوار 3 جون 2018 16:20

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) امدادی تنظیموں نے کہاہے کہ افغانستان میں بچوں کی تقریباً نصف آبادی سکول نہیں جاتی جس کی وجوہات میں شورش، غربت، بچیوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور بچوں کی شادی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف اور یو ایس ایڈ کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ رپورٹ میں کہا گیا کہ سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد سنہ 2002 کے بعد پہلی مرتبہ بڑھ رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں جاری کشیدگی کی وجہ سے سکولوں کو بند ہونا پڑا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے آنے والے تھوڑی سی بہتری بھی رائیگاں ہو جائے گی۔رپورٹ میں شائع کی گئی تحقیق کے مطابق ملک میں سات سے 17 سال عمر کے 37 لاکھ یعنی تقریباً 44 فیصد بچے سکول نہیں جاتے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کی اشاعت کے موقعے پر اس کی وضاحت کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم میر واعظ بالغی نے بتایا کہ سکول نہ جانے والے 37 لاکھ میں سے 27 لاکھ لڑکیاں ہیں۔

طالبان یا نام نہاد دولتِ اسلامیہ کا نام لیے بغیر میر بالغی کا کہنا تھا کہ بچوں کے سکول نہ جانے کی بہت ساری وجوہات ہیں۔ بچوں کی تعلیم کسی بھی معاشرے میں سب سے ترقی کا سب سے اہم عنصر ہے۔ ان کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم غربت، جنگ، اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے اہم ترین آلہ ہے۔امریکہ کی حمایت یافتہ مرکزی حکومت کو برطرف کرنے اور ملک میں شدید قدامت پسند اسلامی قوانین واپس لانے کے عزائم رکھنے والے طالبان بچیوں کی تعلیم کے شدید خلاف ہیں جبکہ دولتِ اسلامیہ نے بھی درجنوں سکولوں کو بند کروا دیا ہے۔