متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن 5 جون کو اسلام آباد میں منشور کا اعلان کرینگے ‘لیاقت بلوچ

انتخابات کا بروقت انعقاد ہی آئین کی پابندی ہے ،اس سے انحراف جمہوریت و آئین سے انحراف ہوگا ‘افطار ڈنر سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ انتخابات کا بروقت انعقاد ہی آئین کی پابندی ہے ،اس سے انحراف جمہوریت و آئین سے انحراف ہوگا ،حکومتوں کی چھتری تلے جن افراد نے لاقانونیت کی اور ناجائز تحفظ حاصل کیے وہ لازماً قانون کی گرفت میں آئیں گے ۔

این اے 130 میں عوامی افطار پروگرام ، انتخابی مالیاتی مہم کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی فارم پارلیمنٹ کے قانون کے مطابق ہیں حکومت اور الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ میں اپیل قانون کے مطابق تسلیم ہونا ناگزیر ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن اور مرکزی قیادت 5 جون کو اسلام آباد میں منشور کا اعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

تمام صوبوں میں متحدہ مجلس عمل کی ممبر جماعتوں کے صوبائی صدور اور اضلاع میں ضلعی صدور پر مشتمل پارلیمانی بورڈز قائم کردیے گئے ہیں جو اپنی سفارشات مرکزی پارلیمانی بورڈ میں پیش کریں گے ۔ ایم ایم اے کی سپریم کونسل نے دس رکنی مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیاہے ۔ لیاقت بلوچ ، محمد اکرم درانی ، علامہ عارف واحدی ، محمد خان لغاری ، حافظ عبدالکریم ، اسد اللہ بھٹو ، محمد اسلم غوری ، علامہ رمضان توقیر ، رانا شفیق پسروری ، محمد فیاض خان مرکزی پارلیمانی بورڈ کے ممبران ہیں ۔

کاغذات نامزدگی کی اختتامی تاریخ کے فوراً بعد مرکزی پارلیمانی بورڈ صوبائی پارلیمانی بورڈ ز کی سفارشات پر حتمی فیصلے کرے گا ۔ متحدہ مجلس عمل کا امیدوار وہی ہوگا جسے مرکزی پارلیمانی بورڈ ٹکٹ جاری کرے گا ۔ قومی اور صوبائی امیدواران پر اگر کوئی اختلا ف ہوگا تو آخری فیصلہ سپریم کونسل کا ہوگا ۔