ملک میں70برسوں سے مفادپرست،ٹیکس چورمختلف روپ اختیارکرکے برسراقتدار ہیں‘میاں مقصود احمد

وطن عزیزبڑی قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہواہے،اس کی بنیادوں میں پاکیزہ لہو ہے، ملک میں شرعی نظام کانفاذ ہمارامقصد ہے

اتوار 3 جون 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ہماراسفرحق اور سچ پر مشتمل ہے۔یہ گھاٹے کا سودانہیں۔ہم انشاء اللہ ضرور اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے۔ملکی حالات دن بدن گھمبیر ہوتے چلے جارہے ہیں۔پاکستان پر70برسوں سے مفاد پرستوں،ٹیکس چوروں اور امریکی غلاموں کی حکومتیں مختلف رنگ وروپ اختیارکرکے برسرقتدار رہی ہیں۔

اب وقت آگیا ہے کہ ان نام نہاد نمائندوں سے نجات حاصل کرکے اس ملک کی باگ ڈور متحدہ مجلس عمل کی محب وطن قیادت کو سونپی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء اکیڈمی منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام علماء کرام ومشائخ عظام کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ،دیوان محمد عظمت ،پیر غلام رسول اویسی،پیرزادہ برھان الدین احمد عثمانی ،پیر محمود فرید الدین،صاحبزادہ کاشف علی واصف ،پیر عثمان نوری ،پیر اختر رسول قادری ،پیر علی رضا شاہ ،پیر طارق شریف زادہ،پیر عاصم سہروردی ،پیر شہور عثمانی ،پیر باباحیدر سائیں ،پیر محمد حسین گولڑوی ،پیر طالب حسین گولڑوی ،پیر شاہ محمد ھمدانی ،پروفیسر ڈاکٹر طاہر مصطفٰی ،ڈاکٹر حسین پراچہ،سید اسرار بخاری ،میاں اشفاق انجم ملک رمضان روہاڑی،اکرام الحق سبحانی،سید عامر جعفری،محمد فاروق چوہان،نوید احمد زبیری اوردیگر موجود تھے۔

میاں مقصوداحمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے۔عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔مہنگائی،بیروزگاری،لاقانونیت عروج پر ہے۔یہ ملک بڑی قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہواہے۔اس کی بنیادوں میں پاکیزہ لہو ہے۔کتنی مائوں نے اپنے بیٹے اور کتنی بہنوں نے اپنے بھائی قربان کردیئے۔لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے گھربار مال مویشی چھوڑدیئے۔

آج جس حالت میں وطن عزیز موجود ہے اس کے ذمہ دارکرپٹ اور ظالم حکمران ہیں۔انہوںنے کہاکہ اب جبکہ انتخابات کامرحلہ بھی آن پہنچاہے۔اس وقت پاکستان کے اندر ازسرنووہ قوتیں منظم ہورہی ہیں جوہمیں اجتماعیت سے محروم کرنا چاہتی ہیں اورمملکت خداد دادپاکستان کو اسلامی انقلاب کی منزل سے دور کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں متحد ہواسلام دشمن قوتوں کامقابلہ کرنا ہے۔

ہمیں نہ کرسی کالالچ ہے اور نہ کسی مقام ومرتبے کی خواہش ہے۔اس ملک کے اندر اسلامی نظام کانفاذ ہمارے پیش نظر ہے۔یہی ہماری خواہش ہے اور یہی ہمارامطلوب ومقصودہے۔اللہ نیتوں سے آگا ہ ہے۔ہم انبیاکی سنت پر چل رہے ہیں اس لیے ناکامی کاکوئی خوف نہیں۔انشاء اللہ دونوں جہانوں میں کامیاب ہوں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ آج دشمنوں نے عراق کو تباہ وبرباد کردیا،شام لہولہوہے،لیبیا جیساملک استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔چاروں اطراف سے دشمن ہم پر حملہ آور ہیں۔ان کامقابلہ سیکولریالبرلزکے بس کی بات نہیں،ان کامقابلہ صرف اور صرف اسلام پسند قوتیں ہی کرسکتی ہیں۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیاتھااس میں صرف اورصرف اللہ اوراسکے رسولؐ کانظام ہی چل سکتاہے۔