پنجگور بازار میں ٹرکوں کے داخلے پر پابندی قابل قبول نہیں، پنجگور انجمن تاجران کمیٹی

اتوار 3 جون 2018 17:10

پنجگور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) پنجگور انجمن تاجران کمیٹی کے سابق صدر حاجی عبدالمالک ،عطاء محمد ،کہدہ عبدالسلام، حق نواز میر مراد بخش، حاصل خان، سراج احمد اور دیگر نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور بازار میں ٹرکوں کے داخلے پر پابندی قابل قبول نہیں موجودہ تاجران کمیٹی دکانداروں کے معاشی قتل عام پر تلے ہوئے ہیں پنجگور کے دکاندار مختلف جہگوں پر کرایہ دینے کے متحمل نہیں ہوسکتے تاجران کمیٹی ٹرک یونین کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے اگر بازار کے مسائل پر توجہ دیتے تو آج بازار کے مسائل میں نمایاں کمی اجاتی انہوں نے کہا کہ پنجگور بازار آج گوں نا گوں مسائل کا شکار ہے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بجلی سے وابستہ کاروبار ختم ہوکر رہ گیا ہے اسی طرح دیگر مسائل لوگوں کے لیے درد سر بن چکے ہیں لیکن تاجران کمیٹی کے موجودہ صدر اور دیگر زمہ داران بازار کے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے دکانداروں کے لیے بے پناہ مسائل کھڑے کررہے ہیں اور بازار میں ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگا کر تاجر برادری کو تکلیف اور مشکلات کا شکار بنادیا ہے انہوں نے کہا کہ ٹرکوں کے داخلے پر پابندی کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ اگر بازار میں ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی تو اس کا برائے راست اثر عام لوگوں پر پڑے گا اور دکاندار مجبور ہونگے کہ وہ اشیائ خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کریں انہوں نے کہا کہ تاجران کمیٹی کی موجودہ کابینہ تاجروں کی اب نمائندہ تنظیم نہیں ہے تاجر اس پر عدم اعتماد کرچکے ہیں اس پر سرکاری چھاپ لگ چکی ہے وہ تاجروں کے مفادات سے زیادہ انتظامیہ کے مفادات کو تقویت پہنچا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کی منتقلی کا بھی فیصلہ دکانداروں کے مفادات کے برعکس عمل ہے اگر کسی کو منڈی منتقل کرنا ہے تو وہ نیو کمپلکس میں مختص زمین پہلے سبزی والوں کے حوالے کردیں تب جاکر بات کریں انہوں نے مذید کہا کہ عید کے بعد پنجگور کے جملہ دکانداروں کا ایک اجلاس بلا کر آیندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے