پولیس کی کارروائی ، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ لیاقت عرف لیاقی 5 ساتھیوں سمیت گرفتار

اتوار 3 جون 2018 17:32

قصور۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) تھانہ الہٰ آباد پولیس کی عیدالفطر سے قبل بڑی کارروائی ،ڈکیتی اور راہزنی کی ایک درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ لیاقت عرف لیاقی کو5 ساتھیوںسمیت گرفتار کرلیا ،تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ نے تھانہ الہٰ آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم لیاقت عرف لیاقی نے اپنے دیگر ساتھیوں پر مشتمل ایک خطرناک اور منظم ڈکیت گینگ تشکیل دے رکھا تھا ۔

جورات کے وقت کار اور موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر اسلحہ کے زور پرزرعی اجناس سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالا کو روکتے اور گن پوائنٹ پرفصل سمیت ٹریکٹر ٹرالا چھین کر فرار ہوجاتے اور بعد میں ڈیلرز سے ملکر فصل کو فروخت کردیتے تھے ،ملزمان نے 23اپریل کی درمیانی شب کو دیپالپور روڈ سے مونجی کے 300توڑوں سے بھرا ٹریکٹر ٹرالا چھیننے کی واردات کی تھی، جو تھانہ الہٰ آباد پولیس نے ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات ،اے ایس پی چونیاںعمران خاں کی زیرنگرانی ایس ایچ او محمد محسن ودیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں نے لیاقت عرف لیاقی گینگ کو ٹریس کیا اور گرفتارکرکے ملزمان کے قبضہ سے 30لاکھ روپے مالیت کاما ل مسروقہ اور اسلحہ ناجائز برآمدکیا ۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ کہ گینگ کے ارکان تھانہ منڈی عثمانوالا،تھانہ دیپاپور ضلع اوکاڑہ اور تھانہ سندر ضلع لاہور کے متعدد مقدمات میں ملوث ہیں جبکہ لیاقت عرف لیاقی تھانہ دیپالپور میں ڈکیتی کے مقدمہ میں اشتہاری بھی ہے، ملزمان نے دوران انٹیروگیشن 12سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جن سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او الہٰ آباد اور انکی ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔