سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے مئی سے اب تک 2200بھکاریوں کو پکڑ کر مقدمات درج کیے

اتوار 3 جون 2018 17:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) رمضان المبارک میں پیشہ ور بھکاریوں نے تجارتی مراکز ،مساجد کا گھیرائو کر لیا دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کارروائی نہ کر سکی ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے مئی اور رمضان المبارک میں شہر کے مختلف مقامات سے 2200سے زائد بھکاریوں کو پکڑنے کا دعوٰی کیا ہے ۔

شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ حالیہ دنوں میں پیشہ ور بھکاریوں کے گروہ خصوصاً خواتین اور بچوں پر مشتمل ہوتے ہیں اور مختلف تجارتی مراکز ،شاہراہوں ،گلیوں اور مساجد کے باہر دیکھے جا سکتے ہیں جو کہ عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے ان سے رقوم اینٹھتے ہیں ۔دستیاب معلومات کے مطابق کوئی بھی عمومی بھکاری ان اہم مقامات پر بھیک نہیں مانگ سکتا کیونکہ پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہ کی جانب سے رمضان المبارک اور عید کے ایام کے لیے اس طرح کے تجارتی مراکز کی خاص طور پر نیلامی ہوتی ہے اور جرائم پیشہ عناصر اس سارے عمل کی نگرانی کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھکاریوں کو شہر میں جابجا دیکھا جا سکتا ہے ۔بھکاریوں کے چند گروہوں نے ٹریفک سگنلز پر ڈیرا لگایا ہوتا ہے جہاں پر متعدد کم عمر بچے اور بچیاں دیکھے جا سکتے ہیں جو کہ کار سواروں سے بھیک وصولی کے چکر میں ہوتے ہیں ۔پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ناکافی انتظامات کی وجہ سے شہریوں کو ہر شاپنگ مال اور تجارتی مرکز کے ساتھ ساتھ ہر گلی محلے میں بھی یہ بھکاری ملتے ہیں ۔

راولپنڈی میں خاص طور پر راجہ بازار ،صدر بازار ،کمیٹی چوک ،مریڑ چوک ،سکستھ روڈ ،ٹنچ بھاٹہ ،لالکڑتی ،ڈھوک سیداں ،کے علاقوں میں کار سوار اور پیدل افراد ان بھکاریوں کے ہاتھوں شدید تنگ ہیں اور بعض شہریوں نے بتایاکہ بھیک نہ ملنے کی صورت میں یہ پیشہ ور بھکاری باقاعدہ لڑائی جھگڑے پر بھی اتر آتے ہیں ۔دریں اثناء سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس نے بھکاریوں کے خلاف خصوصی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے دوران مئی کے مہینے اور خصوصاً رمضان المبارک میں شہر کے مختلف علاقوں سے چوکوں چوراہوں سے 2200سے زائد پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا ۔

چیف ٹریفک آفیسر بلال افتخار نے بتایاکہ گرفتار بھکاریوں کو سول لائنز ،کینٹ ،سٹی اور ویمن پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔انہوں نے قومی خبرایجنسی کو بتایاکہ اس ضمن میں خصوصی اینٹی بیگر سکواڈ بھی مکمل فعال ہے جو کہ مختلف شاہراہوں پر اچانک چھاپے مار کر پیشہ وربھکاریوں کو قابو کرتا ہے ۔