یوم علی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی سندھ

یوم علی کے مرکزی جلوس پر5572سے زائد افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں،کراچی پولیس

اتوار 3 جون 2018 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حضرت علی کے یوم شہادت کے موقع پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو غیر معمولی بنائے جانے کے حوالے سے امام بارگاہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ سمیت دیگر ضروری امور کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ یوم علی کی مناسبت سے ہونیوالی تمام مجالس اور مختلف علاقوں سے برآمد ہونیوالے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیئے تمام ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

کراچی پولیس کی ایک رپورٹ میں آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ یوم علی کے موقع پر مختلف علاقوں میں ایس ایس پیز،ایس پیز،ڈی ایس پیز اور تھانہ جات کی نفری کے علاوہ مرکزی جلوس پر5572سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔جبکہ72موبائلیں،65 موٹر سائیکلیں7 بکتربند گاڑیاں اور 8پرسن وین پر بھی پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض پر مامور کیا گیا ہے۔آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے اور شہروں کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو مذید سخت کیا جائے جبکہ ہائی ویز پر اسنیپ چیکنگ اور مشتبہ مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کے عمل کو بھی مذید سخت کیا جائی.