جوہری پروگرام ترک کرنے پر ہی شمالی کوریا سے بین الاقوامی پابندیاں ہٹائی جائیں گی ، امریکہ

جنوبی کوریا میں امریکی فوجیوں کا معاملہ ٹرمپ، کم ملاقات میں موضوع نہیں ہوگا،یہ معاملہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے مذاکرات سے ہٹ کر ہے،امریکی وزیر دفاع جم میٹس کی سنگاپور میں صحافیوں سے گفتگو

اتوار جون 18:10

سنگاپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا پر سے بین الاقوامی پابندیاں صرف اسی صورت میں ہٹائی جائیں گی جب پیانگ یانگ اپنے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدام کرے گا،جنوبی کوریا میں موجود امریکی فوجیوں کا معاملہ ٹرمپ،، کم ملاقات میں گفتگو کا موضوع نہیں ہوگایہ معاملہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے مذاکرات سے ہٹ کر ہے۔

اتوار کو سنگاپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ،، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے شمالی کوریا پر عائد تمام تعزیرات کا نفاذ جاری رکھے گا۔شمالی کوریا کو اسی وقت رعایت ملے گی جب وہ جوہری ہتھیاروں سے پاک ہونے کے مصدقہ اور ناقابل تردید اقدام کا مظاہرہ کرے گا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں میٹس کے ہمراہ جنوبی کوریا اور جاپان کے وزرائے دفاع بھی موجود تھے۔

میٹس نے کہا کہ جنوبی کوریا میں موجود امریکی فوجیوں کا معاملہ ٹرمپ،، کم ملاقات میں گفتگو کا موضوع نہیں ہوگا۔ ان کے بقول یہ معاملہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے مذاکرات سے ہٹ کر ہے۔تاحال یہ واضح نہیں اس متوقع ملاقات میں طرفین کن امور پر تبادلہ خیال کی تیاریاں کر رہی ہیں۔یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور شمالی کوریا 12 جون کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کی سنگاپور میں ہونے والی ملاقات کی تیاریوں پر کام کر رہے ہیں