الیکشن کمیشن ، عام انتخابات کانظر ثانی شدہ شیڈول جاری، کاغذات نامزدگی 4سے 8جون تک جمع کرائے جائیں گے

․ امیدواروں کے ناموں کی فہرست بھی 8 جون کو شائع کی جائے گی ، باقی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پولنگ 25جولائی کو ہی ہو گی

اتوار 3 جون 2018 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018کانظر ثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا، جس کے مطابق کاغذات نامزدگی 4سے 8جون تک جمع کرائے جائیں گے جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست بھی 8 جون کو شائع کی جائے گی ، باقی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پولنگ 25جولائی کو ہی ہو گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپریم کور ٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018کانظر ثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق کاغذات نامزدگی 4سے 8جون تک جمع کرائے جائیں گے جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست بھی 8 جون کو شائع کی جائے گی ، الیکشن کمیشن کی جانب سے باقی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، جس کے بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14جون تک کی جائے گی ، امیدوار ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے جبکہ ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 26جون تک نمٹائی جائیں گی ،امیدواروں کی حتمی فہرست 27جون کو شائع کی جائے گی جبکہ 28جولائی تک امیدوار اپنے نام واپس لے سکتے ہیں جبکہ 29جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے ، جبکہ پولنگ 25جولائی کو ہی ہو گی ۔