عرب لیگ کی سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد کو روکنے کی امریکی کوشش کی مذمت

غزہ میں حال ہی میں ہونیوالے تصادم سے فلسطینیوں کا سنگین جانی نقصان ہوا، عرب لیگ فلسطینی عوام کی اپیل کی بھر پور حمایت کرتی ہے،سیکریٹری جنرل عرب لیگ احمد عبدالغفار کا بیان

اتوار 3 جون 2018 18:10

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) عرب لیگ نے سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد کو روکنے کے لئے امریکہ کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے سرحدی علاقے میں حال ہی میں ہونے والے تصادم سے فلسطینیوں کا سنگین جانی نقصان ہوا، عرب لیگ فلسطینی عوام کی اپیل کی بھر پور حمایت کرتی ہے۔عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد عبدالغفار نے ایک بیان میں امریکہ کی مذمت کی کہ امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے سے متعلق قرارداد کے مسودے پر ویٹو کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

احمد عبدالغفار نے کہا کہ غزہ کے سرحدی علاقے میں حال ہی میں ہونے والے تصادم سے فلسطینیوں کا سنگین جانی نقصان ہواہے۔ امریکہ نے سلامتی کونسل میں تصادم کے خاتمے کے لئے قرارداد کے مسودے کی منظوری کو روکنے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔ تاکہ اسرائیل ظلم و ستم کی اپنی پالیسی کو جاری رکھ سکے ۔احمد عبدالغفار نے اپنے بیان میں کہا کہ عرب لیگ فلسطینی عوام کی اپیل کی بھر پور حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ حقیقی طور پر فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے خاص کرایک آزاد فلسطین کے قیام کے حق کا تحفظ کرے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہے۔