ہمارا ٹریکٹر پاکستان کی خوشحالی کا نشان، کسان کی ترقی پاکستان مسلم لیگ سے ہے، ہر شہری کو اس کا حق دلائیں گے، پرویزالٰہی

شہبازشریف نے 56 کمپنیوں، جنگلہ بس، اورنج ٹرین جیسے ناکام منصوبوں کی وجہ سے پنجاب کو 2 ہزار ارب کا مقروض کر دیا، ہم 100ارب کا سرپلس صوبہ چھوڑ کر آئے تھے ،ن لیگ ملک اور صوبہ نہیں چلا سکی، ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور مہنگائی اتنی نہیں تھی آج یہ تینوں چیزیں بے لگام ہیں، لاہور ڈویژن کے اجلاس سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت ان کی رہائش گاہ پر لاہور ڈویژن کا اجلاس ہوا جس میں ٹکٹوں کی تقسیم اور الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں میاں منیر سابق ایم این اے، سلیم ملک، شاداب جعفری ایڈووکیٹ، میاں اسد منیر، شیخ ناصر محمود، رانا اسد منیر ایڈووکیٹ، سعید خاور، سہیل چیمہ اور ناصر بلا بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا انتخابی نشان ٹریکٹر پاکستان کی خوشحالی کا نشان ہے، کسان خوشحال تو پاکستان خوشحال، کسان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور یہ ترقی مسلم لیگ سے ہی منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے 56 کمپنیوں کے علاوہ جنگلہ بس، اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کی وجہ سے پنجاب کو 2 ہزار ارب کا مقروض کر دیا ہے جبکہ ہم نے 100 ارب کا سرپلس صوبہ چھوڑا تھا، ن لیگ ملک اور صوبہ نہیں چلا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ، بے روزگاری، مہنگائی اتنی نہیں تھی، آج یہ تینوں چیزیں بے لگام ہیں، میں نے اپنے اور شہبازشریف دور کے موازنہ کیلئے ہر سطح پر چیلنج کیا مگر سامنے کوئی نہیں آیا، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کام ہم نے کیے ن لیگ اس کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی ترقی کیلئے صرف سوچا ہی نہیں بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھایا، 10 سال حکومت کرنے والے اب بھی دعوے کر رہے ہیں کہ موقع ملا تو یہ کام کریں گے، ظلم و انصاف کو ایک دن مٹنا ہے، ن لیگ اب ماضی کا قصہ بننے والی ہے ان کا تکبر و فرعونیت ان کے سامنے آئے گا، کرپشن کرنے والے نیا لبادہ اوڑھ کر ایک بار پھر عوام کو بیوقوف بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اس بارے آپ ان کی معصوم شکل سے دھوکا مت کھائیں۔