یکم جون 2018 ریاست کی پارلیمانی تاریخ میں ایک سنہری دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا‘وقت نے ریاست کے وفاداروں اور مفادپرستوں کے درمیان حد فاصل کھینچ کے رکھ دی ہے‘اللہ کا شکر مسلم لیگ (ن) سرخرو ہوئی

آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق منہاس کی بات چیت

اتوار 3 جون 2018 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے کہا ہے یکم جون 2018 ریاست کی پارلیمانی تاریخ میں ایک سنہری دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔وقت نے ریاست کے وفاداروں اور مفادپرستوں کے درمیان حد فاصل کھینچ کے رکھ دی ہے۔اللہ کا شکر مسلم لیگ ن سرخرو ہوئی ‘راجہ فاروق حیدر عوام کے سامنے کامیاب و کامران ہوے۔

ایکٹ 74میں ترمیم ریاست کی انتظامی اور مالی خوداختیاری کیلیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔اپوزیشن لیڈر اور ان کے ہمنوا کورس کی شکل میں جو واویلا کر رہے ہیں اس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔اللہ تعالی نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور مسلم لیگ ن کی حکومت کو جو اعزاز اور عزت دی ہے اس پر اس ذات کریم کا جتنا شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے۔

(جاری ہے)

ریاست کے عوام کا مورال بلند کر دیا،پاکستان کے ساتھ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔اپوزیشن جن ہاتھوں میں کھیل رہی تھی اب ان کے ہاتھ جھنجنا ہی رہ گیا ہے اپوزیشن لیڈر اور ان کے ہمنوا اب اسی سے دل بہلا لیں۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے ایکٹ 74!میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن رہنماوں کی تنقید کو مسترد کرتے ہوے کہا کہ عوام کے مسترد ٹولے کو آگ اس لئے لگی ہے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلیے فیصلے سے محروم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی نے جو تاریخی اجلاس منعقد کرا کر 13 ویں آئینی ترمیم منظور کی یہ ریاست کی تاریخ میں ایک سنہری دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دی ہے،ایک خوداختیار اور بااختیار کشمیر اپنے عوام کو زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی ترقی اور خوشحالی کا استعارہ ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے مالی،انتظامی اور قانون سازی کے اختیارات کی منتقلی سے آزادحکومت زیادہ بااختیار اور مضبوط ہوگئی جس سے ریاست میں تعمیر وترقی ،گڈ گورننس اور لوگوں کی خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں آزادکشمیر بھر کی صحافی برادری کا مشکور ہوں جس نے بھرپور ساتھ دی اس کے ساتھ ساتھ وکلاء برادری،تاجر برادری اور ہر اس باشعور طبقے کا شکریہ جنہوں نے حمایت کی اور اس اہم پیشرفت پر اپنا حصہ ڈالا۔وزیر اطلاعات نے اپوزیشن سے ایک مرتبہ پھر کہا کہ وہ اپنی توانائیاں منفی سرگرمیوں کے بجائے مثبت کاموں پر لگائیں اسی میں ان کیلئے بہتری ہے۔