مقبوضہ کشمیر‘ سرینگر میں بھارتی فورسز پرپے در پے 3گرینیڈ حملے ، ایک افسر سمیت 4اہلکار زخمی

پلوامہ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والاایس پی اوہسپتال میں ہلاک

اتوار 3 جون 2018 18:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںنامعلوم حملہ آوروں نے سرینگر میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر پے در پے تین گرینیڈ حملے کئے جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت کم از کم چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پہلا حملہ سرینگر کے علاقے فتح کدل میں تعینات سی آر پی ایف کی82بٹالین کے اہلکاروں پر کیا گیا۔

جس میں ایک افسر سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے۔حملے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

ادھر بڈشاہ پل کے نزدیک مائسمہ میں سی آرپی ایف کی 132بٹالین کی گاڑی پر گرینیڈ حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ سرینگر میں ہی پولیس کنٹرول روم کے نزدیک مگرمل باغ میں بھارتی فورسز پر ایک گرینیڈ حملہ ہوا تاہم جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔دریں اثناء گزشتہ ہفتے ضلع پلوامہ کے علاقے پوچھل میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والاسپیشل پولیس افسرسرینگر کے صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیاہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکارکا تعلق ضلع کے علاقے پنچگام سے تھا۔