Live Updates

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں،تاخیر کی وجہ سے بے چینی پھیلے گی ،سکندر حیات شیرپائو

اتوار 3 جون 2018 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) عومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیے اور اس میں کسی بھی تاخیر سے نہ صرف بے چینی پھیلے گی بلکہ عوام کا اداروں سے اعتماد اٹھ جائے گا،پی ٹی آئی تمام محاذوں پر ناکام ہوکر خیبر پختونخوا کے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، عوام جان چکی ہے کہ پی ٹی آئی کی تگ و دو پختونوں کے بہبود کی بجائے مرکز میں اقتدار کے حصول پر مرکوز ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل زیم کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے عہدیداراور ضلعی و تحصیل ممبران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور اس سے جمہوریت کے تسلسل میں رکائوٹ پیدا ہو گی جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ تاریخ سے ایک دن بھی لیٹ نہیں ہونے چاہیے اور اعلان کردہ تاریخ کے مطابق اس کو عملی جامہ پہنانا چاہیے تاکہ عوام کے اعتماد اور ملک میں جمہوری اداروں کے فروغ کو تقویت مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پختونوں کی بہبود اور صوبہ کی تعمیرو ترقی کیلئے کچھ نہیں اور بی آر ٹی جیسے بے وقت اور بغیر منصوبہ بندی کے منصوبہ شروع کرکے یہاں کے عوام کا جینا دوبھر کردیا ۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد تحت اسلام آبادپر قبضہ کرنے کے سوا کچھ نہیں او روہ پختونوں کو کبھی تبدیلی تو کبھی 11نکات پر ٹرخا رہے ہیں جبکہ عملی طور پرپختونوں کے بہبود اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔انھوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے بیان کو محض واویلا اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے مقامی لوگ رشوت لے کر لوٹوں کو پارٹی میں شامل کر رہے ہیں اس کیلئے اور ثبوتوں کی کیا ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں نام نہاد علمبرداروں نے اپنے دور حکومت میں پختونوں کی تکالیف میں کمی کے بجائے مزید اضافہ کیا اور ان کی غلط پالیسیوں کی بدولت ان کی محرومیوں میں حد درجے اضافہ ہوا۔انھوں نے کہا کہ آج تمام پختون قوم کی نظریں آفتاب احمد خان شیرپائو پر لگی ہوئی ہیں اور وہ سمجھ چکے ہیں کہ ان کی نمائندگی صرف اور صرف قومی وطن پارٹی کرسکتی ہے جو عملی طور پر پختونوں کے بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے برسرپیکار ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم کے حقوق کیلئے قومی وطن پارٹی ہر فورم پر آوازاٹھاتی رہے گی اور کسی صورت ان سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات