ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

اتوار 3 جون 2018 18:20

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ملائیشیا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے تھائی لینڈ ویمن کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی، تھائی لینڈ ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے، چن تم اور کپتان ٹیپوچ 17، 17 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ثناء میر نے دو جبکہ دیانا بیگ، ناشرہ، ندا ڈار اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستانی ویمن نے مطلوبہ ہدف 13.1 اوورز میں2 وکٹوں پر پورا کیا، ناہیدہ خان 38 اور جویریہ خان 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، منیبہ علی اور کپتان بسمعہ معروف 6، 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، سری لنکا ویمن نے بنگلہ دیش ویمن کو 6 وکٹوں سے ہرا کر کامیابی سمیٹی، بھارت ویمن نے میزبان ملائیشیا ویمن کو 142 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔