اگلا سندھ کا وزیر اعلیٰ پی ٹی آئی سے ہوگا، ملک کو لوٹنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کریں گے ، حلیم عادل شیخ

سندھ میں پیپلز پارٹی اور متحدہ والوں نے عوام کے حقوق لوٹے ہیں، ہم کراچی کی روشنیاں بحال کرائیں گے

اتوار جون 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر ایگزیکیوٹو نائب صدر حلیم عادل شیخ کو کراچی کے حلقہ پی ایس 99کا ٹکٹ ملنے کے بعد حلقہ کے مختلف علاقوں کو دورہ کیا اور احسن آباد سیکٹر دو میں بڑی تعدا د میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ نے کہا اب وقت تبدیل ہوچکا ہے عمران خان کی مسلسل جدوجہد سے عوام سجاگ ہوگئی ہے اب سندھ کابھی اگلا وزیر اعلیٰ پی ٹی آئی سے ہوگا، انہوں نے کہا ُPS-99کے حال دیکھ کر بہت افسوس ہورہا ہے ، سالوں سے جیتنے والی جماعتوں نے حلقہ کی عوام کے لئے پانی کی بوند تک مہیا نہیں کی ہے نہ اسکول ہیں نہ اسپتال ہیں گٹر سڑکوں پر بہہ رہے ہیں ، انہوں نے کہا انشاء اللہ اسی حلقہ سے جیت کر اس علاقہ کو آباد کریں گے تما م بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا سندھ میں پیپلز پارٹی اور متحدہ والوں نے عوام کے حقوق کو لوٹا ہے، عوام کے نام پر ملنے والے بجیٹ کا کاغذی کارروائیوں تک محدود رکھا جاتا تھا ، کراچی میں مہاجروں کے نام پر سیاست کرنے والوں نے جو حال مہاجروں کا کیا ہے وہ اور کوئی پارٹی نہیں کر سکتی ہے، انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے منشور میں عوام کی فلاح و بہبود رکھی گئی ہے ، ہم انسانوں کو سہولیات دیں گے ان کی زندگی کی ترز تبدیل کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا پی ٹی آئی اس وقت ملک کی سب سے بڑی مقبول عوامی جماعت بن چکی ہے ٹکیٹ حاصل کرنے کے لئے امیدواروں کی لائنیں لگ چکی ہیں، عمران خان نے اپنا حق لینے کے لئے جو شعور عوام کو دیا ہے اب عوام جاگ چکی ہے اپنا حق حاصل کرنے کے لئے اپنے ووٹ کا درست استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور نواز لیگ اور متحدہ اب ماضی کا قصہ بن چکی ہیں عوام ان کو اب نہیں آزمائے گی۔ بھٹو کے نام پر سیاست کرنے والوں نے شہیدوں کو بھی شرمدہ کر دیا ہے۔