دیرنہ دشمنی پر چچازاد بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

اتوار 3 جون 2018 19:10

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) خونی رشتے ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ،قتل مقاتلہ کی دیرینہ دشمنی میں مسلح بھائیوں نے اپنے چچا زاد بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ،مقتول کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ،پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے آلہ قتل پسٹل برآمد کرلیا،مقتول کے بیٹے کی رپورٹ دو بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ۔

(جاری ہے)

تھانہ کینٹ کی حدود وانڈہ موچیانوالہ میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے اپنے ہی چچا ذاد بھائی 42 سالہ عطاء گل ولد صالح محمد قوم ملاخیل پوندہ سکنہ مریالی پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر جاں بحق جبکہ مقتول کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم جان محمد ولد گل محمد قوم ملاخیل پوندہ زخمی ہوگیا ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضہ آلہ قتل پسٹل تیس بور برآمد کرلیا ۔

پولیس نے مقتول کا پسٹل بھی تحویل میں لے لیا ہے۔وجہ عداوت سابقہ قتل مقاتلہ کی دیرینہ دشمنی بیان کی گئی ہے۔پولیس نے مقتول کے بیٹے عبدالرشید کی رپورٹ پر دو ملزمان جان محمد اور علی محمد پسران گل محمد اقوام ملاخیل ساکنان بلال آباد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔