پاکستان میں کاٹن جننگ سیزن 2018-19ء کا عملی طور پر آغازہوگیا

سانگھڑ میں ایک کاٹن جننگ فیکٹری میں کاٹن ائیر 2018-19ء کا روئی کی فروخت کا اولین سودا طے پاگیا

اتوار 3 جون 2018 20:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) پاکستان میں کاٹن جننگ سیزن 2018-19ء کا عملی طور پر آغازہوگیاہے ، سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک کاٹن جننگ فیکٹری میں کاٹن ائیر 2018-19ء کا روئی کی فروخت کا اولین سودا طے پاگیا اور روئی کی نئی فصل سے تیار ہونے والی 200 بیلز 8 ہزار روپے فی من میں فروخت کی گئیں ۔چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پنجاب کے شہر ہارون آباد میں 28 مئی کو ایک جننگ فیکٹری فعال ہوئی تھی تاہم اس نے ابھی تک روئی کی عملی خریدوفروخت کا آغاز نہیں کیا تاہم سانگھڑ میں فعال ہونے والی ایک فیکٹری میں روئی کی نئی فصل سے تیار ہونے والی اولین 200 بیلز فوری طور پر 8 ہزار روپے فی من کے حساب سے فروخت کر دی جو فیصل آباد کی ایک ٹیکسٹائل مل نے خریدی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے ساحلی شہروں ٹھٹھہ اور بدین وغیرہ کے مختلف حصوں میں روئی کی چنائی کا آغاز ہو چکا ہے لیکن عید الفطر کے آمد کے باعث کمرشل ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث روئی خریداری رجحان میں کمی کے باعث دیگر جننگ فیکٹریاں ابھی آپریشنل نہیں ہو رہی تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ عید الفطر کے فوراً بعد سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 10 سے 15 جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہونے کے امکانات دیکھائی دے رہے ہیں اور توقع ہے کہ یہ جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہونے سے روئی کے چنائو کے رجحان میں بھی اضافہ سامنے آئے گا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قبل ازیں روئی کی خریدوفروخت کی ایک ایڈوانس ڈیل 8 ہزار 100 روپے فی من میں طے ہوئی تھی تاہم حاضر ڈیلوری روئی کا اولین سودا 8 ہزار روپے فی من میں طے ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :