کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 4 سے 8 جون 2018ء مقرر کی گئی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ

اتوار جون 20:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے جاری شدہ الیکشن پروگرام میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ ترجمان الیکش کمیشن سندھ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 4 سے 8 جون 2018ء مقرر کی گئی ہے اور نامزد اُمیدواروں کے ناموں کی تشہیر بھی 8 جون 2018ء کو ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 104کے تحت عام انتخابات 2018ء میں جو سیاسی پارٹیاں حصہ لیں گی۔ وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کیلئے اُمیدواروں کی ترجیحی فہرست سندھ میں الیکشن کمیشن کے منتخب ریٹرننگ آفیسر محمد یوسف خان خٹک، صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کروائیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں (خواتین اور غیر مسلم) کیلئے بھی یہی پروگرام ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتیں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں (خواتین اور غیر مسلم) کیلئے اُمیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرواسکتی ہیں جبکہ اسکروٹنی کے مراحل کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی پارٹیاں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کیلئے اُمیدواروں کی ترجیحی فہرست میں اضافی نام بھی دے سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن پروگرام میں باقی مراحل اپنی مقررہ تاریخوں کے مطابق 31مئی 2018ء کو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق برقرار رہیں گے۔