Live Updates

اٹک، اپنے حلقہ انتخاب این اے 55 کے تمام دیہاتوں میں سوئی گیس جیسی بنیادی ضرورت فراہم کر دی ہے،شیخ آفتاب احمد

تحصیل اٹک اور حضرو کے تمام دیہاتوں ،اسی طرح تحصیل حسن ابدال کے 25 سے زائد دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی جا چکی ہے ، جو ایک ریکارڈ ہے، مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد امیدوار

اتوار 3 جون 2018 20:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) نامزد امیدوار مسلم لیگ ( ن ) حلقہ این اے 55 سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 55 کی تحصیل اٹک اور حضرو کے تمام دیہاتوں میں سوئی گیس جیسی بنیادی ضرورت فراہم کر دی ہے جو ایک ریکارڈ ہے اسی طرح تحصیل حسن ابدال کے 25 سے زائد دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی جا چکی ہے اور اللہ کے فضل و کرم ہونے کے بعد بقایا دیہاتوں میں بھی سوئی گیس فراہم کر دی جائے گی اسی طرح بجلی کے منصوبوں پر بھی کئی ارب روپے کی خطیر رقم لگا کر اپنے حلقہ انتخاب میں نہ صرف بجلی سے محروم حلقوں کو یہ بنیادی ضرورت بھی فراہم کی گئی بلکہ بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی کئی ارب روپے لگا کر بجلی کا نظام درست کیا گیا جو پنجاب بھر میں ریکارڈ رکھتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف دیہات میں عوام رابطہ مہم کے دوران کیا حلقہ پی پی 1 سے مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد امیدوار شیخ سلمان سرور بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت نے شاندار جمہوری روایات قائم کیں ہیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جمہوری حکومت کی مدت اقتدار ختم ہونے پر وزیر اعظم ہائوس سے گارڈ آف آنر کیساتھ رخصت کیا گیا جو پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کا شاندار مظہر ہے انہوں نے کہا کہ اٹک سے تین میلہ ہٹیاں روڈ کو پہلے مرحلہ میں سنگل اور اب اسے دو رویہ بنانے کے سلسلہ میں منصوبہ پر کام جاری ہے جس پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہو گی اس میں تین میلہ چوک کی تعمیر بھی شامل ہے کیونکہ پی اے سی کامرہ نے اٹک اور حضرو کے درمیان رابطہ کی واحد سڑک کو دفاعی لحاظ سے سکیورٹی رسک قرار دے کر بند کر دیا تھا اور اس سلسلہ میں تین میلہ ہٹیاں روڈ تعمیر کیا گیا ہے جس سے اٹک اور حضرو تحصیل کے درمیان سفر انتہائی آسان ہو گیا ہے یہ متبادل سڑک ہے جو لوگ اٹک سے جی ٹی روڈ یا موٹروے پر جانے کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں اور یہی سڑک سی پیک جیسے بڑے منصوبہ میں استعمال ہو گی تین میلہ چوک کو جو انتہائی خوبصورت نظارہ پیش کر رہا ہے یہ چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ کی زیر نگرانی تعمیر ہوا ہے جس میں انہوں نے دن رات یہاں بیٹھ کر اپنی نگرانی میں کام کیا اس چوک میں یادگار شہدائے پولیس بھی تعمیر کی گئی ہے جو مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کی پولیس کے شہدأ سے وفاداری اور ان کے شہادت کے رتبہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ثابت ہو گی اس سڑک اور چوک کی تعمیر سے اٹک جو تعمیر و ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اس میں مزید نکھار اور خوبصورتی پیدا ہو گی انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ الیکشن شیڈول کے مطابق وہ ان کے صاحبزادے شیخ سلمان سرور اور وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ایک پینل کی صورت میں جمہوری روایات پر پیراعمل ہو کر مسلم لیگ ( ن ) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 اور پنجاب اسمبلی سے پی پی 1 اور 2 سے انتخابی عمل میں حصہ لیں گے اور 25 جولائی کو پولنگ میں عوام مسلم لیگ ( ن ) کی 5 سالہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں نہ صرف اٹک بلکہ پورے پاکستان سے اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم اور رسول کریم ؐ کے صدقے شاندار کامیابی سے ہمکنار کرائے گی مسلم لیگ ( ن ) کی کارکردگی پر اسے ووٹ ملے گا کیونکہ ہم نے عوام کو صرف جھوٹے وعدوں جیسے روٹی ، کپڑا اور مکان اور عمران خان کی طرح 100 دن کا جھوٹا پروگرام دے کر گمراہ نہیں کیا بلکہ عوام کو حقیقی معنوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کر کے انہیں نہ صرف یہ سہولیات فراہم کی ہیں بلکہ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت نے ملک بھر میں شعور بھی اجاگر کیا ہے نواز شریف کے نظریات اور عوام کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی بنیاد پر ہم 2018 ء کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریں گے انہوں نے کہا ہے مسلم لیگ ( ن ) کے متعلق تجزیہ کرنے والوں اور نجومیوں کے تمام خیالات اور گمراہ کن پراپیگنڈے غلط ثابت ہوں گے اور عوام شیر کے انتخابی نشان پر دل کھول کر مہریں لگائیں گے اور مسلم لیگ ( ن ) اور اس کا انتخابی نشان شیر مرکز اور صوبوں میں حکومتیں بنائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید پھلے اور پھولے گا انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے آخری روز ان کی وزارت کے عملہ اور افسران نے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ممبران نے جس طریقہ سے ذاتی حیثیت میں ان کی 5 سالہ کارکردگی کو سراہا ہے اس نے اس حلقہ کی عوام کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے 5 سال جس طرح عزت اور وقار سے وزارت میں گزارے ہیں اور 5 سال بعد جب وہ وزارت چھوڑ کر اپنے حلقہ انتخاب میں آ رہے ہیں تو انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ انہوں نے عوام سے کیے وعدے وفا کیے انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کی مدد کی اور ملکی سطح پر بھی اسی طرح کام کیا بطور وفاقی وزیر اپنی وزارت قومی اور سینٹ میں انہوں نے اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کیے وزارت کے جانے کے بعد وہ وہ سرخرو ہیں انہیں کہیں جا کر ندامت محسوس نہیں ہو رہی اور وہ عام انتخابات میں ہر جگہ اپنی کارکردگی اور عوام کی خدمت کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات