سراج الحق کیسبیکا شیخ کی شہادت پر ان کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات

لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت

اتوار 3 جون 2018 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے امریکہ کے شہر ٹیکساس میں زیر تعلیم پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی شہادت پر ان کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد ، ضلع شرقی کے سکریٹری جنرل نعیم اختر ،اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد عامر ، ناظم کراچی حمزہ صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 17سالہ بچی سبیکا شیخ کی شہادت پر پوری قوم کو صدمہ ہوا ہے ،سبیکا امریکا میں تعلیم حاصل کرنے گئی تھی جس سے والدین اور قوم کو بڑی توقعات تھیں،وہ امریکہ میں دہشت گردی کا نشانہ بن گئی ، امریکی حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتی مگر افسوس کہ امریکہ نے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکہ نے ان کے خاندان سے مجرم کو سزا دینے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور ایک حکومت اور ریاست کی حیثیت سے جو کرنا چاہیئے تھا وہ نہیں کیا گیا ۔امریکہ میں زیر تعلیم طلبہ کی جان کے حوالے سے پاکستان تشویش پائی جاتی ہے ،امریکی حکومت کو طلبہ کی جان کے تحفظ کے حوالے سے اقدا م کرنے چاہیئں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اول دن سے سبیکا کے غم کو محسوس کیا ہے اور ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اورد عا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ۔