تحریک انصاف سیاسی خانہ بدوشوں کی پناہ گاہ بن چکی ،لوٹا ازم کی حوصلہ افزائی کرنے والے نیا پاکستان نہیں بنا سکتے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

قوم نیا پاکستان نہیں نظام مصطفے والا پاکستان چاہتی ہے۔ کراچی کی عوام 8 جون کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی،ترجمان ایم ایم اے

اتوار جون 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی خانہ بدوشوں کی پناہ گاہ بن چکی ہے۔ لوٹا ازم کی حوصلہ افزائی کرنے والے نیا پاکستان نہیں بنا سکتے۔ قوم نیا پاکستان نہیں نظام مصطفے والا پاکستان چاہتی ہے۔ کراچی کی عوام 8 جون کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی۔

کراچی کی سیاست تبدیل ہو چکی ہے۔ ایم ایم اے کا 8 جون کا جلسہ کراچی کی سیاست کے دھاروں کا رخ موڑ دے گا۔ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار بڑے بڑے برج الٹا دیں گے۔ الیکشن ملتوی کیا گیا تو جمہوریت خطرے میں پڑھ جائے گی۔ الیکشن کے التوا کا کوئی جواز نہیں۔ 25 جولائی کا الیکشن ملکی تقدیر کا فیصلہ کرے گا اس لئے قوم سوچ سمجھ کر ووٹ کا درست استعمال کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی کارکنان و عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ کسی بدکردار اور بددیانت شخص کو ووٹ دینا گناہ ہے۔ دیانتدار نمائندے اسمبلیوں میں پہنچیں گے تو ملک و قوم کے حالات بدلیں گے۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں۔ پاکستان کو لائق حکمران مل جائیں تو پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بن سکتا ہے۔

ظالمانہ طبقاتی نظام ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ نظام مصطفے پرمشتمل عوام دوست نظام ہی عوام کے مسائل حل کر سکتا ہے۔ عوام اب کسی کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔ چند روز میں ایم ایم اے کے امیدواروں کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔ 5 جون کو ایم ایم اے کے منشور کا اعلان کیا جائے گا۔ ایم ایم اے کا منشور اسلامیت، پاکستانیت اور انسانیت پر مشتمل ہے