بٹگرام میں پاک آرمی کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثہ میں دو جوان جاں بحق اور 30 کے قریب زخمی ہو گئے

اتوار جون 20:40

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) بٹگرام میں پاک آرمی کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثہ میں دو جوان جاں بحق اور 30 کے قریب زخمی ہو گئے، گاڑی کا یہ حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پاک آرمی کے جوانوں کو لیکر جانے والی بس شارکول کے مقام موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گرنے سے دو جواں جاں بحق اور 30 کے قریب زخمی ہو گئے، ڈگری کالج بٹگرام میں سی پیک منصوبہ کی سیکورٹی پر مامور پاک آرمی کے جوانوں نے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی حادثہ والی جگہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دن 12 بجے کے قریب پاک آرمی کے جوانوں کو لانے والی بس المناک حادثہ کا شکار ہو گئی، بدقسمت بس پاک آرمی کے جوانوں کو راولپنڈی سے گلگت لیکر جا رہی تھی کہ راستہ میں ضلع بٹگرام کی حدود شارکول ٹاپ کے مقام بریک فیل ہو جانے کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں دو اہلکار جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس اور آرمی کے جوانوں کو سی ایم ایچ ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایک اہلکار راستہ میں ہی خالق حقیقی سے جا ملا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی تاکہ گاڑی حادثہ میں زخمی جوانوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شارکول پولیس چیک پوسٹ میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے سی پیک منصوبہ کی سیکورٹی پر مامور پاک آرمی کے جوانوں کے ساتھ ملکر گاڑی حادثہ میں زخمی اہلکاروں کو نکال کر ہسپتال پہنچایا۔ حادثہ میں جاں بحق ایک اہلکار محمد شفیق سکنہ چکوال کی نعش ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بٹگرام سے چکوال منتقل کی گئی۔