ایم ایم اے تنظیم کے مانسہرہ امیدواروں کے نام فائنل کرنے کے حوالہ سے شائع خبر من گھڑت ہے، مولانا ڈاکٹر سعید عبدالله

اتوار جون 20:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا ڈاکٹر سعید عبدالله نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی جانب سے ضلع مانسہرہ کی سطح پر تنظیم کے امیدواروں کے نام فائنل کرنے کے حوالہ سے اخبارات میں شائع خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں، سیکولر اور لبرل قوتیں کارکنوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔

اتوار کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ ابھی تک کسی امیدوار کا نام فائنل نہیں کر پائی، اس لئے اخبارات میں شائع شدہ خبریں من گھڑت اور کسی کی ذہنی اختراع تو ہو سکتی ہیں، ایسی خبروں کو متحدہ مجلس عمل ضلع مانسہرہ کا فیصلہ ظاہر نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں کی وحدت سے سیکولر اور لبرل قوتیں پریشان ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ بے پرکی اڑا کر کارکنوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے تمام کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صحیح صورتحال معلوم کرنے کیلئے ضلعی قیادت سے قریبی رابطہ رکھیں، وقت آنے پر تمام فیصلے عوام کے سامنے آ جائیں گے۔ قبل از وقت بے بنیاد خبروں کو پھیلا کر غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا ثبوت نہ دیا جائے۔