اورکزئی ایجنسی میں فاٹا انضمام کے خوشی میں ریلی کا انعقاد

اتوار 3 جون 2018 21:00

ھنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) اورکزئی ایجنسی میں فاٹا انضمام کے خوشی میں ریلی غلجو بازار پل سے ہوتے ہوئی غلجو پریس کلب اورکزئی ایجنسی میں اختتام پذیر۔ ریلی میں قبائلی عمائدین ،فاٹا یوتھ جرگہ کے نوجوانان اور علاقہ کے عوام ،ونگ کمانڈر کرنل عمر ثقاف، پولیٹیکل تحصیلدار اور اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے بھی شرکت کی۔

ریلی میں درجنوں موٹر سائیکل سواروں نے حصہ لیا ۔ریلی شرکاء نے بڑے بڑے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جس پر فاٹا انضمام کے حق میں اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے ۔ریلی غلجو بازار پل سے ہوتے ہوئی غلجو پریس کلب اورکزئی ایجنسی میں جلسہ کی شکل اختیار کرگئی ۔پریس کلب میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قبائل ملکان حاجی عصام الدین، ملک شہید خان ، ملک شفیق، فاٹا سٹوڈنٹ کے نوجوانان مشتاق حسین ، عبدالوہاب ودیگر نے کہاکہ ہم فاٹا کو کے پی کے میں ضم ہونے پر انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں کیونکہ پہلے ہمیں صحیح پاکستانی نہیں سمجھا جاتا تھا اور فاٹا کو علاقہ غیر سمجھا جاتا تھا جبکہ انگریزوں کے کالے قانون ایف سی آر کی وجہ سے ہمیں غلام بنایا گیا تھا مگر آج خوشی ہے کہ 118سال بعد فاٹا سے کالے قانون ایف سی آر کا خاتمہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس سے یہاں کے عوام کو آزاد اظہار کا موقع ملے گا اپنا حق مانگ سکیں گے جبکہ ناانصافی ختم ہو جائی گی۔انہوںنے کہاکہ اب صحیح معنوں میں اورکزئی ایجنسی ترقی کریگی ۔ترقیاتی کاموں میں کرپشن نہیں ہوگا۔ تعلیم اور روزگار عام ہوگا اور اب ایک شخص کی گناہ پر پورے قبیلے کو گناہ گار نہیں ٹہرایا جائے گااور پاکستان کی دیگر شہریوں کی طرح برابر کے حقوق حاصل ہونگے۔

انہوںنے کہاکہ اب ہم صحیح معنوں میں پاکستانی بن گئے ہیں اب پاکستان کا آئین ہمیں پاکستانی شہری کا حقوق دیگا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کمانڈر کرنل عمر ثقاف نے اورکزئی قبائل کو فاٹا کے انضمام پر مبارک باد دی اور کہاکہ پختونخواہ میں ضم ہونے سے فاٹا اور بلخصوص اورکزئی ایجنسی دن دگنی رات چوگنی ترقی کریگا ۔ریلی کے شرکاء نے فاٹا انضمام کے حق میں اور پاک فوج و فرنٹئر کور زندہ باد کے نعرے لگائیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔