Live Updates

عائشہ گلالئی کا چار خواجہ سراؤں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان

امریکا اور یورپ میں خواجہ سراؤں کی عزت کی جاتی ہے اور انسانیت کو اہمیت دی جاتی ہے، عائشہ گلالئی ہمارے ملک میں اقلیتوں اورخواجہ سراؤں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا ،ْ میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 جون 2018 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ چار خواجہ سراء ان کی پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ سراء نایاب علی حلقہ این اے 142، ندیم کشش حلقہ این اے 52، لبنی لال حلقہ پی پی 26 اور میڈم رانی حلقہ پی کے 40 سے انتخابات میں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اقلیتوں اورخواجہ سراؤں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا، امریکا اور کینیڈا میں سب لوگ برابر ہوتے ہیں جبکہ ناروے میں کینیڈا کا سفیر تیسری جنس سے ہے۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ امریکا اور یورپ میں خواجہ سراؤں کی عزت کی جاتی ہے اور انسانیت کو اہمیت دی جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ندیم کشش سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں مقابلہ کریں گی جبکہ لبنیٰ لال جہلم کی صوبائی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میڈم رانی ہری پور سے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیں گی۔اس موقع پر خواجہ سراء نایاب علی نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری اور عدلیہ کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمیں شناخت دی۔نایاب علی نے کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کے 11 نکاتی ایجنڈا میں ایک خواجہ سراوں کا بھی رکھ لیتے۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے ہمیں پارٹی ٹکٹ جاری کرکے تاریخی کام کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات