علی رضا رند نے مچھ کے صحافی عمران سمالانی کی گرفتاری کو آزادی صحافت پر قدغن قرار دیدیا

اتوار 3 جون 2018 21:00

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) دالبندین کے صحافی علی رضا رند نے مچھ کے صحافی عمران سمالانی کے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی اس اقدام کو طاقت کا بے جا استعمال اور آزادی صحافت پر قدغن قرار دیا ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں صحافی عمران سمالانی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہمیشہ سے طاقتور طبقے نے صحافیوں پر مظالم ڈھاکر ان کا استحصال کیا لیکن افسوس کہ صوبے کی دور دراز علاقوں کے مقامی نامہ نگاروں کا کوئی مئوثرنمائندہ تنظیم بھی نہیں جو ایسے واقعات کے خلاف اقدامات اٹھائے۔

انہوںنے کہا کہ عمران سمالانی کی گرفتاری پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی صوبے کی مقامی صحافیوں کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش بھی کی گئی اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی نامہ نگار کاغذی تنظیموں سے اپنی وابستگی ختم کرکے ایک موثر صحافتی تنظیم تشکیل دیں جوحقیقی معنوں میں نچلی سطح کے صحافیو ں کی نمائندگی کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بی یو جے کے رہنمائوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیئے اپنا کردار مزید موثر طریقے سے ادا کریں۔ انہوںنے حکام بالا سے مچھ کے صحافی عمران سمالانی کی گرفتاری کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :