سردار مہتاب احمد خان کو الوداعی تقریب میں رولیکس کی گھڑی تحفے میں نہیں دی،ترجمان پی آئی اے

اتوار 3 جون 2018 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) پی آئی اے کے ترجمان نے بعض میڈیا پر نشر ہونے والی ا س خبر کی تردید کی ہے کہ سابق مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمد خان کو ان کی الوداعی تقریب میں رولیکس گھڑی تحفے میں دی گئی ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ خبر مکمل طور پر غلط ہے ۔ پی آئی اے جو کہ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے وہ اس طرح کی مہنگی گھڑیاں اور قیمتی تحائف عوام کے ٹیکس کے پیسے سے کسی کو دینے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ الوداعی تقریب کا انعقاد ایک معروف اور معززکلب میں کیا گیا نا کہ کسی فائیو سٹار ہوٹل میں جس کا خبر میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مشیر ہوابازی کو دو تحفے دیئے گئے جن میں سے ایک پلاسٹک سے بنی طیارے کی دم کی تشبیہ اور انجینئرنگ کی جانب سے بوئنگ737 کے خراب انجن کے بلیڈ سے بنایا گیا ایک سوونینئر بھی شامل ہے اس کے علاوہ ان کو تقریب کی ویڈیو بھی دی گئی جو کہ پی آئی اے نے خود اپنے ذرائع سے بغیر کسی خرچ کے بنائی۔

(جاری ہے)

باقی تمام باتیں رپورٹر کا تخیل اور من گھڑت ہیں ۔ اس طرح کی من گھڑت خبریں پی آئی اے کی از سر نو بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں ریونیو حاصل کرنے کے ٹارگٹ کو شدید نقصان پہنچاتی ہیںاوراس ضمن میں مذکورہ چینل نے تصدیق کی زحمت بھی نہیں کی ۔

متعلقہ عنوان :