آزاد کشمیر، وین کھائی میں جاگری، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق،5افراد زخمی

اتوار 3 جون 2018 21:00

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) آزاد کشمیر کے علاقے میر پور میں مسافر وین کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے،میر پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ریاض حیدر بخاری نے بتایا کہ حادثہ نیل کچھ اور پیر گلی گاں کے درمیان پیش آیا، متاثرہ وین ساماہانی سے ضلع بھمبھر جاری تھی۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا اور مسافر وین 250 فٹ گھری کھائی میں جاگری۔

مقامی افراد نے لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ حادثے کے باعث وین تباہ ہوگئی جبکہ اس میں سوار 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، حادثے کے نتیجے میں دیگر 5 افراد زخمی بھی ہوئے، جس میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے 6 افراد کی شناخت راجا وسیم، راجا اشتیاق، کریم اذان، حسنین اور یاسر اکرم کے نام سے ہوئی، جبکہ ایک خاتون اور دیگر 2 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی،پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مختار، علینہ بی بی، عثمان اور ڈرائیور شیخ وسیم شامل ہیں ، خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے پہاڑی سلسلے میں اس قسم کے حادثات معمول بن چکے ہیں جس کی وجہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کی خراب حالت کو ٹھہرایا جاتا ہے۔