بھارت پینترے بدل کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، حافظ محمد سعید

نام نہاد سیز فائر کا اعلان دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے ہے، کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا حکومت مسلم ممالک کی طرح چین، روس اور دیگر ملکوں سے تعلقات مضبوط کرے، امیر جماعة الدعوة کا افطار پروگرام سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 21:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت پینترے بدل کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ نام نہاد سیز فائر کا اعلان دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے ہے۔ کشمیر میں قتل و غارت پہلے سے بڑھ چکی ہے۔بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

حکومت مسلم ممالک کی طرح چین، روس اور دیگر ملکوں سے تعلقات مضبوط کرے۔ قرآن اور رمضان کا بہت گہرا تعلق ہے۔ مسلم امہ کے تمام مسائل کا حل قرآن پاک میں موجود ہے۔ مسلمان تقویٰ اختیار کریں اور سیرت رسول پر عمل پیرا ہوں۔فیصل آباد کے مقامی ہوٹل میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔قرآن ہر دور کے مسائل کا حل ہے۔آج جو مسائل امت کو درپیش ہیں وہی مسائل اللہ کے رسول کے دور میں بھی تھے۔سیرت رسول پر عمل پیرا ہوئے بغیر مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر،فلسطین،برما سمیت ہرجگہ مسلمان ظلم و بربریت کا شکار ہیں لیکن دہشت گردی کا پروپیگنڈہ مسلمانوں کیخلاف کیا جاتا ہے۔

مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ قرآن و سنت کا مطالعہ کریں اور تاریخی حقائق سمجھیں کہ اللہ کس طرح قوموں کو دشمنان اسلام کیخلاف ڈٹ جانے والوں کی مدد کرتا ہے۔ یہ وقت بیٹھنے نہیں عمل کرنے کا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے۔فرقہ واریت آج کا بہت بڑا مسئلہ ہے اس سے امت کمزور ہو رہی ہے۔آج ہر جگہ مسلمانوں کاخون بہہ رہا ہے۔

کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے ہیں، فلسطین میں مسلمانوں کا خون روکنے والا کوئی نہیں ہے۔عالمی قوتیں پاکستان کو مضبوط ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔مسلم حکمرانوں کو جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت سرکار کا کشمیر میں سیز فائر ڈرامہ تحریک آزادی پر بہت بڑا حملہ ہے۔بندوق کی طرح بھارتی سیاست بھی کشمیر میں دفن ہو جائے گی۔

ہم بھارت سے مذاکرات کے مخالف نہیں لیکن اس کے دہشت گردانہ کردار کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔ انڈیا کشمیری قیادت کو دھوکہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔قرآن میں اللہ کا حکم ہے کہ جب دشمن قوتیں جنگ کے میدان میں مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کریں تو ان پر فرض ہے کہ وہ مقابلہ میں ڈٹے رہیں۔ ہم سب کا موقف وہی ہونا چاہیے جو قرآن نے بیان کیا ہے۔

کشمیر کی آزادی انڈیا کی بربادی ثابت ہو گی۔ کشمیری سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ صدیوں کی تاریخ گواہ ہے کہ جہاں مسلمان میدانوں میں محض اللہ کی رضا کی خاطر قربانیاں پیش کریں وہ خطہ کبھی غلام نہیں رہ سکتا۔ شہدائ کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور امت کو متحدو بیدار کرنے کی کوشش کریں۔