عوام عام انتخابات میں کرپٹ قیادت کا احتساب کریں،اسداللہ بھٹو

اتوار 3 جون 2018 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ،ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اورنامزد امیدوار این اے 242 اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ کرپشن اور کرپٹ قیادت نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے ،پیپلزپارٹی کی قیادت گذشتہ 10سالوں سے سندھ پر برسراقتدار ہے،14سو ارب روپے خرچ کرنے کی باجود سندھ کے عوام صاف پانی،صحت،تعلیم سمیت بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ آج بھی ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور سندھ کے عوام انسانی غلاظت ملا ہوا پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس سمیت خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں جو کہ کرپشن اور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

عوام سندھ کی خوشحالی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انہیں ایسی کرپٹ قیادت سے نجات اور دیانتدار قیادت کو اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہوگا۔وہ گبول گوٹھ صفورا میں افطار پارٹی سے ٰخطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کرپٹ قیادت کے کڑے احتساب کے ساتھ ملک میں بروقت وشفاف انتخابات چاہتی ہے۔انتخابات میں تاخیر کسی نئے بحران کا باعث بن سکتا ہے جو ملک وقوم اور جمہوریت کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔