بدعنوانوں کو لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی کا حساب بمع سود واپس کرنا ہے ،ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبونے والوں کا قانون کے شکنچے میں جکڑے جانا نوشتہ دیوار ہے، تمام منصوبوں میں اپنے رشتہ داروں اور فرنٹ مینوں کے زریعے کک بیکس کمیشن کے ذریعے ذاتی کاروباری سلطنتیں کھڑی کی گئیں، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری کا بیان

اتوار 3 جون 2018 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بدعنوانوں کو لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی کا حساب بمع سود واپس کرنا ہے ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبونے والوں کا قانون کے شکنچے میں جکڑے جانا نوشتہ دیوار ہے تمام منصوبوں میں اپنے رشتہ داروں اور فرنٹ مینوں کے زریعے کک بیکس کمیشن کے ذریعے ذاتی کاروباری سلطنتیں کھڑی کی گئیں۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میںسابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ پنجاب میں نیب جہاں ہاتھ ڈالتی ہے بدعنوانی کی داستان موجود ہوتی ہے۔ پنجاب بدعنوانی کا گڑھ ثابت ہو رہا ہے حکمرانوں نے اپنے چہیتوں میں سرکاری خزانہ بے دریغ لٹایاہر نام نہاد عوامی منصوبہ میں شرمناک حد تک لًوٹ مار کی گئی۔

(جاری ہے)

پی.پی پی ہر میگا پراجیکٹ میں بدعنوانی کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے۔

شہباز شریف کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیشی، لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کا نکتہ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی پیشی پر شہباز شریف نے بدزبانی کرکے گھٹیا پن کا مظائرہ کیا۔ دامن صاف نہیں اسلئے بدہواسی سامنے آئی لالچی گروہ نے صاف پانی کے نام پر نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچایا بلکہ اپنے مکروہ فعل انسانی جانوں سے دشمنی بھی ثابت کی ہے۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ گڈگورنس کے دعویداروں کے چہروں سے روزانہ نقاب الٹ رہے ہیں۔