انگلینڈ نے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 55 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر،7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، جوز بٹلر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

اتوار 3 جون 2018 21:10

لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 55 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، پاکستانی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی، گرین شرٹس کا کوئی بھی کھلاڑی انگلش بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، امام الحق 34 اور عثمان صلاح الدین 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سٹورٹ براڈ اور ڈومنک بیس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، قبل ازیں انگلش ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 174 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، جوز بٹلر 80 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2، 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جوز بٹلر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو لیڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 302 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جوز بٹلر 34 اور ثام کیورن 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں ہی اوور میں محمد عباس نے ثام کیورن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، کیورن نے 20 رنز بنائے، سٹورٹ براڈ 2 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند کا نشانہ بنے، 363 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب جیمز اینڈرسن 5 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف نے تین جبکہ محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے دو، دو اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 189 رنز کے خسارے کے ساتھ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 42 کے سکور پر اس کے تین مستند کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اظہرعلی 11 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے، حارث سہیل کا بلا بھی نہ چلا اور وہ صرف 8 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اسد شفیق 5 رنز بنا کر چلتے بنے، امام الحق نے عثمان صلاح الدین کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 84 کے سکور پر ڈومنک بیس نے امام کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، امام الحق نے 34 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں رہے، 97 کے سکور پر کپتان سرفراز احمد 8 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، شاداب خان 4 رنز بنا کر کیورن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے، 115 کے سکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری جب عثمان 33 رنز بنانے کے بعد بیس کی گیند پر شکار ہوئے، حسن علی 9 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، محمد عباس پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا سکے، انہیں براڈ نے آئوٹ کیا۔

سٹورٹ براڈ اور ڈومنک بیس نے تین، تین، جیمز اینڈرسن نے جبکہ ثام کیورن اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :