Live Updates

راولپنڈی،تحریک انصاف الیکشن میں کامیابی کے بعد ایک فعال بلدیاتی نظام رائج کرے گی ، راجہ راشد حفیظ

فنڈز کا اایماندارانہ استعمال منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی مرضی و منشا کے مطابق کریں گے،تحریک انصاف اختیارات بنیادی سطح تک تقسیم کرے گی،رکن تحریک انصاف

اتوار 3 جون 2018 21:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور سابق امیدوار برائے سپیکر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن میں کامیابی کے بعد ایک فعال بلدیاتی نظام رائج کرے گی جس میں عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی ، ترجیحات کا تعین اور ان مسائل کے حل کیلئے فنڈز کا اایماندارانہ استعمال منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی مرضی و منشا کے مطابق کریں گے تحریک انصاف اختیارات بنیادی سطح تک تقسیم کرے گی اور اختیارات کے ارتکاز کا فرسودہ اور حکمرانوں کیلئے کرپشن اورمالی فوائد کا حامل مروجہ نظام ختم کر دیا جائیگا اور یہی نیا پاکستان ہوگا جس میں عوام حقیقی معنوں میں اقتدار میں شریک ہونگے اور انہیں جمہوریت کے ثمرات ملیں گے انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں کارکنوں اور مختلف یونین کونسلوں میں اپنے اعزاز میں دی جانے والی افطار پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ جس طرح ہماری جماعت نے کے پی کے میں پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا اور محکمہ مال سمیت دیگر اداروں کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے بنایا اسی طرح وفاق اور دیگر صوبوں میں بھی ادارہ جاتی اصلاحات نافذ کی جائیں گی اور انگریز کا دیا ہوا استحصالی نظام ختم کر دیا جائیگا ․ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور کے جلسے میں جو گیارہ نکاتی منشور پیش کیا تھا وہ پاکستان کو یکسر تبدیل کر دے گا اور پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا ․ انہو ںنے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کے برعکس ہم دوسروں کو تحقیر و تنقید کا نشانہ بنا کر اپنا سیاسی قد بڑا نہیں کرنا چاہتے بلکہ ہم عوام کو اپنا منشور دے رہے ہیں اور یہ محض سیاسی نعرے نہیں ہونگے ․ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے گذشتہ الیکشن میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے وعدے اور اعلانات کئے تھے مگر پانچ سال بعد رمضان المبارک کے مہینے میں بھی عوام کو بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے حالانکہ ن لیگ نے بجلی کے منصوبوں کے نام پر کھربوں روپے خرچ کئے جن کا غالب حصہ ن لیگیوں کی تجوریوں میں گیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہاکہ اب عوام کرپٹ حکمرانوں کو منتخب نہیں کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات