ملک اور خاص کر بلوچستان میں جلد انتخابات کرانے سے مزید مسائل پیدا ہونگے، شیخ جعفرخان مندوخیل

اتوار 3 جون 2018 21:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک اور خاص کر بلوچستان میں جلد انتخابات کرانے سے مزید مسائل پیدا ہونگے الیکشن کمیشن نے جو مسائل پیدا کئے اس کو ختم کئے بغیر صاف شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے بلوچستان میں آئندہ بھی مخلوط حکومت ہوگی انتخابات سے متعلق اسمبلی کی قرار داد کٹھن وجوہات کی بناء پر پاس ہوئی حلقہ بندیوں سے متعلق ازسرنوجائزہ نہیں لیا گیا اس لئے مشکلات بڑھیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آ ن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل جب تک حلقہ بندیوں سے متعلق گند صاف نہیں کیا جاتا اس وقت تک صاف شفاف انتخابات نہیں ہونگے اور عام انتخابات پر اس کے برے اثرات مرتب ہونگے الیکشن کمیشن نے جس غیرسنجیدگی اورغیرجانبدار طریقے سے حلقہ بندیاں کی ہیں اس پر ہمیں دکھ ہوا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ بہت غلط ہوا ہے اسمبلی نے انتخابات کے حوالے سے جو قرار داد پاس کی ہے وہ کٹھن حالات کو مدنظر رکھ کر پاس کی گئی ہیں اورجن وجوہات کو مدنظر رکھا ہے وہ حق پر مبنی ہے آدھے پاکستان میں الیکشن کمیشن نے جو حلقہ بندیاں کی ہیں پہلے اس کی صفائی ضروری ہے ہمارے ایک حلقہ میں ڈیڑھ لاکھ اور دوسرے حلقہ کو تین لاکھ آبادی پر حلقہ بندیاں کی گئی ہیں اب اس حالات میں کیا انتخابات ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عام انتخابات کے بعد ایک جماعت حکومت نہیں بناسکتی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی مخلوط حکومت ہوگی انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں28 دن تک انتظار کرایا اور بعد میں عدالت نے کہا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہوا اب اس پرہم فیصلہ نہیں دے سکتے انصاف ضروری ہے یا انتخابات جب تک الیکشن کمیشن اپنے گند کو صاف نہیں کرے گی اس وقت تک انتخابات کرانا بہت مشکل کام ہے ۔