Live Updates

تحریک انصاف کی کراچی سے بڑی کامیابی،ایم کیو ایم کے سینئر رہنما رشید گوڈیل کا شمولیت کا اعلان

اتوار 3 جون 2018 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کو کراچی سے بڑی کامیابی ملی ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا،جس کیلئے انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

عبدالرشید گوڈیل نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عبدالرشید گوڈیل کا پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے پر خیر مقدم کیا۔شمولیت کے بعد رشید گوڈیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کراچی کو وفاقی جماعت کی ضرورت ہے اور میں نے فیصلہ کیا کہ اس جماعت کا ساتھ دوں جو کراچی کے مسائل سمجھتا ہو ماضی میں کراچی کو نظر انداز کیا گیا لیکن اب کراچی کی سیاست اور ترجیحات اور ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان کا کہناتھا کہ عبدالرشید گوڈیل کی پارٹی میں شمولیت باعث مسرت ہے،کراچی میں تحریک انصاف کی صف بندی میں محنت کررہے ہیں،کراچی کو اٹھائے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عبدالرشید گوڈیل کی آمد سے کراچی میں تحریک انصاف کو تقویت ملی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں پہلے سے کئی گنا بہتر کارکردگی دکھائے گی،تحریک انصاف کراچی واحد اکثریتی نمائندہ جماعت بن کر ابھرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات