کالاباغ ڈیم خیبر پختونخوا کیلئیء ڈیتھ وارنٹ ہے ، رابعہ ستار

اتوار 3 جون 2018 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی سینئر خاتون رہنما رابعہ ستار نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم خیبر پختونخوا کیلئے ڈیتھ وارنٹ ہے اور اس کی تعمیر کا مطالبہ کرنے والے ملک سلامتی کے خلاف ہیں ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم اب سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ بن چکا ہے ملک کے چاروں صوبے اس پر متفق نہیں ہیں جبکہ ماضی میں جسٹس ناصر الملک بھی اس کیس کو اس لئے مسترد کر چکے ہیں کیونکہ یہ پارلیمنٹ کا کام ہے ،ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں ، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس اہم ایشو پر ماضی میں بہت بحث ہو چکی ہے اور سب نے متفقہ طور پر اسے مسترد کر دیا ہے لہٰذا اب اس مسئلے کو اٹھانے کا کوئی جواز نہیں بنتا ،رابعہ ستار نے کہا کہ انتہائی نازک دور سے گذرتے ہوئے ملک سے مذاق بند کیا جائے، کالاباغ ڈیم کا راگ جلتی پہ تیل کا کام کرتے ہو ئے منتشر قوم کو مزید منشتر کرکے ملک کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتا ہے، یہ وقت پاکستان میں رہنے والی قوموں کو دھکیلنے کا نہیں بلکہ گلے لگانے کا ہے، کالاباغ ڈیم کا مطالبہ کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں ایسا مطالبہ نہ صرف پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بلکہ ایسا مطالبہ کرنے والے ملک کی وحدت اور سلامتی کے دشمن ہیں