ریلوے پریم یونین کی محکمہ سوئی گیس کی طرف بلوں کی اقساط بند اور پہلے بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اتارنے کے فیصلہ کی مذمت

اتوار جون 22:40

ْ فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سنیئر نائب صدر خالد محمود چوہدری نے محکمہ سوئی گیس کی طرف بلوں کی اقساط بند کرنے اور پہلے بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اتارنے کے فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ گیس کواربوں کی چوری کرنے والے بڑے مگر مچھوں کے خلاف کارروائی کی ہمت نہیںاور نہ ہی کوئی اہلکار ان کے خلاف زبان کھولنے کے لیے تیا ر ہے،اگر کوئی چور پکڑا جاتا ہے تو وہ کروڑوں روپے کی چوری کے بعد چند لاکھ رشوت دے کر پاک صاف ہوجاتا ہے مگر غریب گھریلو صارفین پر دبائو بڑھا کر انہیں تنگ کیا جارہا ہے۔

اسمبلیوں میں بیٹھنے والے جاگیر دار اور مل اونرز اربوں کے نادہندہ ہیں۔ا نہوں نے کہا ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گیس و بجلی کی چوری عوام کے کھاتے میں ڈال کر ہرسال اربوں روپے عوام سے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اس چوری کا سد باب کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیںکیے جاتے۔

(جاری ہے)

چوری کے وہ کروڑوں روپے ان غریبوں کے کھاتے میں ڈال دیے جاتے ہیں جو اپنے گھریلوبل بھی اداکرنے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈس کنکشن فیس کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔محکمہ میں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب عوام کو اقساط کی سہولت فوری طور بحال کی جائے اور ڈس کنکشن سٹاف کو ہدائت کی جائے کم از کم پہلی عدم ادائیگی پر صارفین کے میٹر نہ اتارے جائیں