شہبازشریف کے داماد علی عمران کو2کروڑ47 لاکھ ادائیگی ثابت ہوگئی

صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے قواعد کے برعکس علی ٹریڈ سنٹر سے تیسرا فلور بھاری کرایہ پر حاصل کیا،سرکاری دستاویزات میں انکشاف

اتوار 3 جون 2018 22:40

شہبازشریف کے داماد علی عمران کو2کروڑ47 لاکھ ادائیگی ثابت ہوگئی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) وزیراعلیٰ شہبازشریف کے داماد علی عمران کو صاف پانی کمپنی کے فنڈز سے 2کروڑ47لاکھ20ہزار روپے کی ادائیگی ثابت ہوگئی ہے،قومی دولت لوٹنے والوں سے قومی فنڈز واپس لینے کی سفارش کی گئی ہے،علی عمران کو کروڑوں روپے کی ادائیگیوں میں مرکزی کردار شہبازشریف شریف کا ہے جس نے قومی دولت اپنے دامادوں اور صاحبزادوں پر نچھاور کردی تھی،صاف پانی کمپنی کے مالی معاملات کا آڈٹ مکمل کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی ہے۔

ذرائع سے حاصل سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب صاف پانی کمپنی ساؤتھ کی انتظامیہ نی14نومبر2016 کو2کروڑ47 لاکھ 20ہزار روپے علی عمران کو جاری کئے تھے ،یہ بھاری فنڈز علی عمران کی ذاتی ملکیتی کمپنی علی اینڈ فاطمہ ڈویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کو علی ٹریڈ سنٹر کے تیسرے فلور کو کرایہ پر حاصل کرنے کیلوے چھ ماہ کے ایڈوانس کے طور پر دی گئی رقم شامل ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں ثابت ہوا ہے ک علی ٹریڈ سنٹر سے کرایہ پر حاصل کیا گیا فلور کا کرایہ مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ تھا جبکہ کمپنی نے بلڈنگ کرایہ پر حاصل کرنے سے قبل سرکاری محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے این او سی لینے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی تھی۔تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ کروڑوں روپے کی ادائیگی سے قبل صاف پانی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظوری حاصل کرنا ضروری تھا کیونکہ صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو بھاری فنڈز ادائیگی کا اختیار بھی نہیں تھا کیونکہ کمپنی کا سی ای او صرف10ملین کی ادائیگی کا اختیار رکھتا ہے۔

تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ صاف پانی کمپنی نے علی ٹریڈ سنٹر سے فلور کرایہ پر حاصل کرکے کئی ماہ خالی رکھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ عمارت کرایہ پر حاصل کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔علی عمران کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ شہبازشریف کا داماد بننے سے قبل بھائی گیٹ لاہور میں ایک دکان کا مالک تھا،شہبازشریف کا داماد بننے کے بعد علی عمران لاہور میں تین سے زائد شاپنگ سنٹرز کا مالک بن گیا ہے یہ ہے شہبازشریف کی کرپشن کی عجیب کہانی جو اب عام ہی۔