پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا ہے اب عوام اس پارٹی کو مسترد کریں گے،سراج الحق

سندھ کے اندرعوام کی حالت حد سے زیادہ خراب ہے ۔ لاڑکانہ کابراحال ہے ، لیاری کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ملک اور قوم کی نجات اور تمام پاکستانیوں کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے،الیکشن کمیشن امیدواروں کی جانچ پڑتال میں آئین کی دفعہ 62/63کے مطابق عمل کرے عوام ایماندار اور اہل اور دین دار قیادت کو ووٹ دیں ۔انتخابات میں متحدہ مجلس واضح طور پر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی، عوامی دعوت افطار سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان و متحدہ مجلس عمل پاکستان کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا ہے اب عوام اس پارٹی کو مسترد کریں گے ۔سندھ کے اندرعوام کی حالت حد سے زیادہ خراب ہے ۔ لاڑکانہ کابراحال ہے ، لیاری کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔

ملک اور قوم کی نجات اور تمام پاکستانیوں کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔الیکشن کمیشن امیدواروں کی جانچ پڑتال میں آئین کی دفعہ 62/63کے مطابق عمل کرے۔ عوام ایماندار اور اہل اور دین دار قیادت کو ووٹ دیں ۔انتخابات میں متحدہ مجلس واضح طور پر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل ضلع وسطی کراچی کے زون گجرواور معمارتحت قاسم آباد گراؤنڈ ،جنجار گوٹھ میں منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عوامی دعوت افطار سے جماعت اسلامی پاکستان نائب کے امیر اسد اللہ بھٹو ،ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، زمیر زون معماررضوان شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور متحدہ مجلس عمل کے رہنمابھی موجود تھے ۔راجہ شبیر احمد نے ایک قرارداد پیش کی جس میں نیو سبزی منڈی میں بجلی اور پانی کی سہولتوں کی فی الفور فراہمی اور نیو سبزی منڈی میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست اور متحدہ مجلس عمل کی سیاست کا مقصد اللہ کے دین کی سربلندی اور اللہ کے نظام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کرنا اور غریب عوام کے مسائل حل کر کے غریبوں ، مظلوموں ، محروموں اور پسے ہوئے طبقات کو اوپر اٹھانا اور ان کو عزت و وقار دینا ہے ۔حکمرانوں کو عوام کا خادم بنانا ہے ، ہمارا مقصد ایسا نظام لانا ہے جس میں امیر اور غریب برابر ہوں، عدل و انصاف کی حکمرانی ہو اور غریب اور مظلوم کو بھی اس کی دہلیز پر انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام کی تاریخ گواہ ہے کفر کے مقابلے میں نوجوانوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر آگے نکل کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور قربانیاں دیں ہیں ۔ آج کے دور میں بھی نوجوانوں کی قوت اورطاقت بہت اہمیت کی حامل ہے اور نوجوان قیادت کرپشن اور ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہمارا کھلا دشمن ہے اس نے پاکستان کو کبھی تسلیم نہیں کیا ، مقبوضہ کشمیر میں غاصب فوج کے ذریعے قبضہ کیا ہوا ہے ، ہم کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہرمیں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت میں عوام پانی کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں۔ عوام کو کرپٹ اور ظالم حکمرانوں نے پانی سے محروم کیا ہے ۔ حکمرانوں کے گھروں کے اندر تو منرل واٹر لیکن عوام پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں عوام کے پاس آپشن موجود ہے ، کرپٹ اور ظلم کرنے والے حکمرانوں اور عوام بار بار دھوکا دینے والوں کو مسترد کردیں ۔

جب یہ ووٹ لینے آئیں تو ان سے پوچھیں کہ انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا ۔ عوام ان کو ووٹ نہ دیں اور ایسی قیادت کو ووٹ دیں جو عوام کی حالت بد ل سکیں۔انہوں نے کہاکہ برسوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے لیکن اس پارٹی نے کبھی عوام سے محبت نہ کی بلکہ وڈیروں اور جاگیرداروں کا ساتھ دیا ۔ اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے اور ہمیں اس ماہ مبارک میں یہ عزم کرنا ہے کہ قرآن کو اور اللہ کے احکامات کو اللہ کی زمین پر نافذکرنے کی جدوجہد کریں گے ۔

رمضان المبارک محمد بن قاسم کی آمد، غزوہ بدر ، شب قدراور قیام پاکستان کا مہینہ ہے ۔ اس لیے ہمیں پاکستان کو اس کے مقصد کے وجود کے مطابق ڈھالنے کی جدوجہد کرنی ہے اور متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ملک میں اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کی جائے گی اور اسلام دشمنوں، امریکی ، لبرل اور سیکولرلابی کو شکست سے دوچار کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا قیام بہت بڑی نعمت اور رحمت ہے اس اتحاد میں تمام مسالک سے وابستہ جماعتوں کے قائدین شامل ہیں اور عوام ہمارے ساتھ ہیں ۔

عوام 2018کے انتخابات میں کتاب کے نشان پر مہر لگاکر پاکستان میں اسلامی حکومت کے قیام کو یقینی اورممکن بنائیںگے۔یونس بارائی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک ، مغفرت اور جہنم سے خلاصی کا مہینہ ہے ۔17رمضان المبارک یوم بدر ہمیں پیغام دیتا ہے کہ جب مومن اللہ پر بھروسہ کرتے ہیں تو مٹھی بھر افراد ہزاروں کے لشکر کو شکست دے دیتے ہیں ۔ یوم بدر ہمیں آج بھی یہی پیغام دیتا ہے کہ اگر فضائے بدر پیدا کریں تو فرشتے آج بھی ہمارے لیے اتر سکتے ہیں ، ہم فتح سے ہمکنار ہوسکتے ہیں ۔