عام انتخابات مقررہ وقت 25 جولائی کو ہی ہوں گے ، ایسی کوئی رکاوٹ دکھائی نہیںدیتی جو انتخابات میں تاخیر کا باعث بن سکتی ہو، نگران حکومت الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں بھر پور تعاون کرے گی،نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک

اتوار 3 جون 2018 22:50

سوات ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت 25 جولائی کو ہی ہوں گے کیونکہ انہیں ایسی کوئی رکاوٹ دکھائی نہیںدیتی جو انتخابات میں تاخیر کا باعث ہوسکتی ہے۔ اتوار کو اپنی آبائی رہائش گاہ گل کدہ پر ملاقات کیلئے آئے سوات پریس کلب کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی وہ آزادانہ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملک بھر میں اعلان کردہ شیڈول کے مطابق آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں بھر پور تعاون کرے گی۔ وزیراعطم نے کہا کہ سوات کے امن پسند عوام نے ماضی میں بہت سی مشکلات برداشت کیں اور قیام امن کیلئے ان گنت قربانیاں بھی دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مقامی صحافیوں کے کردار کو سراہا۔

مقامی صحافیوں نے نگران وزیراعظم سے سوات جی ٹی روڈ کی خستہ حالی اور لوڈ شیڈنگ سمیت علاقہ کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس سلسلہ میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ انکا تعلق اسی علاقہ سے ہے اور وہ عوامی مسائل سے آگاہ ہیں اور اپنے آئینی اختیارات کے اندر رہتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں نگران وزیراعظم نے دوپہر کو اپنے آبائی قصبہ پہنچنے پر راج آباد قبرستان میں اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر معززین علاقہ عمائدین سے ملاقات کی۔ قبل ازیں سرکٹ ہائوس پہنچنے پر نگران وزیراعظم کا کمشنر مالاکنڈ ظہری الاسلام ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان اور معززین علاقہ نے ان کا استقبال کیا۔