افغانستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 45 رنز سے ہرا دیا، افغانستان کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، بنگال ٹائیگرز 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 122 رنز پر ڈھیر

اتوار 3 جون 2018 23:20

ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) افغانستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، محمد شہزاد 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، سمیع اللہ شنواری نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، شفیق اللہ نے 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی، افغانستانی بائولرز کے سامنے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، لٹن داس 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان اور شاہ پور زدران نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، محمد شہزاد 40 سمیع اللہ شنواری 36، عثمان غنی 26، کپتان اصغر ستانک زئی 25، شفیق اللہ 24، نجیب اللہ زدران 2، محمد نبی اور کریم صادق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، راشد خان 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ابوالحسن اور محموداللہ نے 2، 2 شکیب الحسن، ابوجاوید اور روبیل حسین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 122 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مجیب الرحمان نے پہلے ہی اوور کی پہلی ہی گیند پر تمیم اقبال کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم پر دبائو بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، لٹن داس 30، کپتان شکیب الحسن 15، مشفق الرحیم 20، محموداللہ 29، مصدق حسین 14، ابوالحسن 5، ابوجاوید 1، صابررحمان اور روبیل حسین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، راشدخان اور شاہ پور زدران نے 3، 3 محمد نبی نے 2 مجیب الرحمان اور کریم صادق نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔