خصوصی بچے ہماری توجہ سے معاشرے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز

اتوار 3 جون 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ خصوصی بچے ہماری توجہ سے معاشرے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خصوصی بچوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانیکے مواقع فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزارتِ کیڈ کے سپیشل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ اور آذربائیجان کی حیدر علیو فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ کے علاوہ سپیشل ڈائریکٹوریٹ کی ڈائریکٹر جنرل نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آذربائیجان کی خاتون اول کے زیر انتظام حیدر علیو فائونڈیشن نے پاکستان میں بہت سارے فلاحی اور خیراتی کاموں میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ 2005 ء کے ہولناک زلزلے میں فائونڈیشن کے فلاحی کاموں کوفراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر معاشرے کے نادار بے کس اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننا ہے اور اس عمل میں شریک ہر فرد اور تنظیم لائقِ تحسین ہے۔میئر اسلام آباد نے کہا کہ معذور بچوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتیں عطا کی ہیں جن کو سامنے لانے اور نکھارنے کی ذمہ داری پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کھیلوں،تعلیمی میدان اور زندگی کے ہر شعبے میں خصوصی بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر ہم نے ان خصوصی بچوں پر تھوڑی سماجی توجہ دیں تو یہ معاشرے میں اپنا عملی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ میئر اسلام آباد نے سپیشل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ان بچوں کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور تقریب میں ان بچوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے مختلف پروگراموں کو سراہا۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے ٹیبلو، قوالی، لوک گیت اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کرنے والے خصوصی بچوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر آذربئیجان کے سفیر اور ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب سے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے بھی خطاب کیا اور حیدر علیوفائونڈیشن کی طرف سے پاکستان میں شروع کئے جانے والے مختلف فلاحی منصوبوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی طرف سے شاندار پرفارمنس کو بھی سراہا۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی بچوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :