بھارتی سکیورٹی فورسز کی سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون شہید ‘26سے زائد شہری زخمی

پیر 4 جون 2018 00:30

سیالکوٹ۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) بھارتی سکیورٹی فورسز کی سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، بھارت کی جانب سے جدید ہتھیاروں سے آبادی کو نشانہ بنایا گیا ، 1خاتون شہید جبکہ26سے زائد شہری شدید زخمی ، درجنوں قیمتی مویشی ہلاک جبکہ قیمتی املاک کو شدید نقصان ہوا ہے۔ ریسکیو1122نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر امدادی کیمپ قائم کر دئیے ، پنجاب رینجرز کا دشمن کو منہ توڑ جواب۔

تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سکیورٹی فورسز نے ایک مرتبہ پھر سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں پھوکلیان ، بجوات ، ہرپال سیکٹرز کے دیہات کچی ماند ، کنگلورہ ، پل بجواں ، سونٹی دیرہ، دیوڑا ، ڈیرہ گجراں ، دیوان پور سمیت درجنوں ملحقہ دیہی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بوقت1بج کر 10منٹ پر پھوکلیان سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی ۔

بی ایس ایف کی جانب سے جدیدہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا ۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولہ باری سے کچی ماند کی رہائشی 70سالہ فضلاں بی بی زخموں کی تاب نہ رکھتے ہوئے شہید ہوگئی جبکہ کچی ماند کی رہائشی 45سالہ صفیہ امانت، 8سالہ کمسن اویس رفیق ، 10سالہ سفیان اکبر ، 50سالہ رحمت امانت ،18سالہ سلمان اکبر 3سالہ کمسن ، نشاط فاطمہ 40سالہ ، سلیماں بی بی ،05سالہ کمسن نرگس فاطمہ ،50سالہ ارشاد بی بی ،38سالہ محمد خالد، 45سالہ محمد اشرف ،25سالہ شمس ، نوید ،70سالہ رفیق ، 60سالہ شمیم ، 70سالہ نوری ، 21سالہ علی رضا، 70سالہ پولے شاہ ، 30سالہ عبد الحمید، 62سالہ محمد اکرم ، 30سالہ پرویز احمد ، 39سالہ فرید،55سالہ شبیر احمداور45سالہ مسرت بی بی سمیت دیگر شہری شدید زخمی ہو گئے ۔

بیشتر زخمیوں کو مارٹر گولے سینے ، ٹانگوں اور سر پر لگے ۔25سے زائد زخمیوں کو ریسکیو1122کے عملہ نے فوری طور پر طبی امداد دیتے ہوئے آر ایچ سی کاہلیاں منتقل کیا جہاںمزید طبی امداد دینے کے بعد ر تشویش ناک حالت کے پیش نظر زخمیوں کو سی ایم ایچ کینٹ سیالکوٹ منتقل کیا ۔ فائرنگ اور گولہ باری کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو1122سیالکوٹ کے حکام نے قریبی دیہات میں امدادی کیمپ لگا دئیے ۔ علاوہ ازیں بی ایس ایف کی فائرنگ اور گولہ باری سے درجنوں قیمتی پالتو مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آبادی کو نشانہ بنانے کے باعث قیمتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔