ترکی کے پانیوں میں کشتی الٹنے سے 6 بچو ں سمیت 9 تارکینِ وطن ہلاک

پیر 4 جون 2018 10:10

استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) ترکی میں بحرِ متوسط میں ایک کشتی ڈوب جانے سے 6 بچوں سمیت 9 تارکینِ وطن ہلاک ہوگئے۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق صوبہ انطالیہ میں بحر متوسط میں ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا ہے جس میں16 افراد سوار تھے۔حادثے میں دو نامعلوم مرد ،ایک خاتون اور چھے بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں پانچ افراد کو بچا لیا گیا ہے اور ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔دوغان نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ کشتی پر سوار افراد غیر قانونی طور پر یورپ کی طرف جا رہے تھے تاہم ان کی جائے منزل کا فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔ مرنے والے تمام افراد کی قومیت کے بارے میں بھی پتا نہیں چل سکا۔جس جگہ کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے،اس کے نزدیک یونان کا جزیرہ کاسٹیلوریزو واقع ہے۔ یہ ترکی کے ساحلی مقام کاس کے دوسری جانب واقع ہے۔