سٹی پولیس نے نواحی علاقہ ٹھنڈا میرا میں تین افراد کو قتل کرنے والے تین بھائیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا

پیر 4 جون 2018 12:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ ٹھنڈا میرا میں تین افراد کو قتل کرنے والے تین بھائیوں سمیت4 ملزمان کو سٹی پولیس نے گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام ڈی پی او سونیا شمعروز، ایس پی عزیز آفریدی اور ڈی ایس پی اشتیاق خان نے ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ 31 مئی 2018ء کو نماز مغرب کے دوران تھانہ سٹی کی حدود میرا ملک پورہ میں دو گروپوں میں لڑائی جھگڑا کے دوران اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں محمد علی اور محمد زبیر جاں بحق جبکہ ذیشان شدید زخمی ہو گیا تھا۔

زخمی کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اسے ایوب میڈیکل کمپلیکس ریفر کر دیا گیا۔ ذیشان گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے قتل ہونے والے بھائیوں سمیت تین افراد کے ورثاء کی طرف سے تھانہ سٹی کی علت نمبر227/18 میں زیر دفعات 302/34 کا مقدمہ ملزمان اظہر پاشا، احسن، حمزہ اور شعیب کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر پاوا جنگل میں چھاپہ کے دوران چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے دو عدد پستول برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی۔