دعوئوں کی بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتا ہوں، اس کا اعتراف حلقہ کے لوگ خود کر رہے ہیں، عمر ایوب خان

پیر 4 جون 2018 12:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) ہری پور کے حلقہ این اے 17- کے امیدوار عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وہ خالی دعوئوں اور وعدوں کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں جس کا اعتراف حلقہ کے لوگ خود کر رہے ہیں، سبز باغ دکھا کر لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنا ان کا شیوہ نہیں، عوام نے موقع دیا تو ترقی و خدمت کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔

وہ پیرکو علاقہ کے عمائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہری پور کے ایک ایک گھر تک بجلی کی فراہمی ان کے والد گوہر ایوب خان کا کارنامہ ہے، ایبٹ آباد سے ہری پور میں شامل ہونے والی نئی یونین کونسلوں کی پسماندگی کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور وہاں بنیادی ضروریات کی فراہمی ممکن بنائی، اسی طرح گیس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے انہوں نے پنیاں سے لیکر کھولیاں بالا تک جی ٹی روڈ پر گیس کی مین پائپ لائن اور پھر آگے ڈسٹری بیوشن لائنیں بچھا کر عوام کو گیس کی سہولت فراہم کی، ہم نے عوام کو بیوقوف بنانے کی کبھی کوشش نہیں کی، ہم نے جو سہولیات آج سے 20 اور 25 سال قبل فراہم کیں لوگ آج بھی ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ اپنے پہلے دور اقتدار میں بحیثیت وزیر مملکت برائے خزانہ ضلع بھر کے بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے علاوہ خان پور اور غازی کے اٹھارہ اٹھارہ گائوں میں گیس کی سہولت فراہم کی، اسی طرح ہری پورکے دور افتادہ و پسماندہ علاقوں میں فون ایکس چینجز کی تنصیب کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر ممکن بنا کر مواصلاتی ترقی کے ذریعہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر کیا اور بعدازاں دوسرے دور وہ بحیثیت ایم این اے صرف آٹھ ماہ کے مختصر عرصہ میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے تین نئے فیڈرز، گرڈ سٹیشن کی منظوری، آبادیوں میں اضافہ کی وجہ سے ٹرانسفارمر کی اپ گریڈیشن، نئی آبادیوں کیلئے نئے ٹرانسفارمرز اور پولز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایک ارب روپے کی لاگت سے ہری پور تا ٹیکسلا خان پور سڑک کی تعمیر وہ میگا پراجیکٹس تھے جو آج بھی زمین پر موجود ہیں اور لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور اب بھی عوام نے موقع دیا تو ترقی و خدمت کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔