اسرائیلی ٹیڈی سٹیڈیم میں میچ کھیل کرہمارا دل نہ توڑیں، فلسطینی بچوں کی فٹ بالرلائنل میسی سے استدعا

پیر 4 جون 2018 12:10

غزہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) روس میں فٹ بال کپ کا عالمی میلہ شروع ہونے سے پہلے ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان 9 جون کو ایک دوستانہ میچ کھیلا جائے گا تاہم اس خبر نے فلسطینوں کو اداس کر دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان یہ دوستانہ میچ مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں ٹیڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو 70 برس پہلے عرب اسرائیل جنگ میں تباہ ہو گیا تھا۔

1948ء میں ہونے والے اس جنگ کے بعد اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کو بے گھر کر دیا تھا۔ 70 فلسطینی بچوں کے ایک گروپ نے ارجنٹائن کے فٹ بالر لائنل میسی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھیں اسرائیل کے خلاف کھیلے جانے والے دوستانہ میچ میں شرکت نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی بچوں کی جانب سے لکھا جانے والا یہ خط اتوار کو اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارت خانے کے حوالے کیا گیا۔

فلسطینی بچوں نے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن سے چھینی گئی زمینوں پر اب ٹیڈی سٹیڈیم دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔فلسطینی بچوں کی جانب سے لکھنے والے خط کے متن کے مطابق جیسا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گاؤں پر تعمیر کردہ سٹیڈیم میں اپنے دوستوں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتے ہیں۔فلسطینی بچوں نے خط میں میسی سے پوچھا ’تاہم ہماری خوشی اس وقت آنسوؤں میں بدل گئی اور ہمارے دل ٹوٹ گئے کہ میسی، ہمارا ہیرو، ہمارے آباؤ اجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے سٹیڈیم میں کھیلنے جا رہے ہیں۔

ان بچوں کے لیے 9 جون کا دن ایک اداس دن ہو گا جب ارجنٹائن کی ٹیم اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ کھیلے گی۔فلسطینی بچوں نے خط کا اختتام ان الفاظ پر کیا آئیے ہم اپنے دوستوں کے ذریعے خدا سے دعا کریں کہ میسی ہمارے دلوں کو نہ توڑیں۔

متعلقہ عنوان :