بھارتی الیکشن کمیشن نے مدھیہ پردیش میں 60لاکھ فرضی ووٹروں کی فہرست تیار کئے جانے کی شکایت کا نوٹس لے لیا

پیر 4 جون 2018 12:10

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مدھیہ پردیش میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اشارے پر 60 لاکھ ووٹروں کی فرضی فہرست تیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرنے اور ملوث حکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، انتخابی مہم کے سربراہ جیوتیرادتیہ سندھیا، سینئر لیڈر ڈگ وجے سنگھ اور ویویک نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مدھیہ پردیش میں ووٹروں کی نئی فہرست شائع کی گئی ہے اور اس میں وسیع پیمانے پرجعلسازی ہوئی ہے۔

انہوں نے اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی ہے اور فہرست فوری طورپر درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمل ناتھ نے کہا کہ کمیشن کو پورے ثبوت کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ پوری ریاست میں تقریبا 60 لاکھ فرضی ووٹروں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ادھر الیکشن کمشن نے اس شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔